ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ،معیشت کی جلد بحالی کا انحصار ان منصوبوں کی فوری تکمیل میں ہے،صدر ممنون حسین

منگل 3 مارچ 2015 08:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3 مارچ۔2015ء)صدرمملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے،معیشت کی جلد بحالی کا انحصار ان منصوبوں کی فوری تکمیل میں ہے۔یہ بات صدر مملکت ممنون حسین نے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کراچی میں اہل علم ودانش کے وفد سے بات چیت کے دوران کہی۔صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان کی ترقی کیلئے بہت ضروری ہے۔

اس راہداری کی تعمیر سے نہ صرف پاکستان بلکہ اس خطے میں انقلاب آجائے گا اور روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہونگے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی تعمیر کیلئے پوری قوم یکسو ہوکر کام کرے ۔صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے لئے ضروری ہے کہ قوم کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف جہاد کے ساتھ ساتھ کرپٹ عناصر کی حوصلہ شکنی کرے۔

انہوں نے کہا کہ قومی ترقی کا واحد راستہ یہ ہے کہ قومی اداروں کو بدعنوان عناصر سے پاک کردیا جائے جس سے معیشت کو استحکام ملے گا۔انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کے خاتمے کیلئے قوم حکومت کا ساتھ دے اور ایسا ماحول پیدا کردے کہ بدعنوان عناصر کی معاشرے میں حوصلہ شکنی ہو۔انہوں نے کہا کہ ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے معاشرے کو مثبت کردار ادا کرنا ہوگا ۔

متعلقہ عنوان :