سینٹ انتخابات، بلوچستان میں ہارس ٹریڈنگ کے ذریعے سیاسی فضاء کو آلودہ کرنے والوں کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے، خواجہ سعد رفیق

منگل 3 مارچ 2015 08:25

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3 مارچ۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ایوان بالا کے انتخابات میں بلوچستان میں ہارس ٹریڈنگ کے ذریعے سیاسی فضاء کو آلودہ کرنے والوں کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ کے نجی ہوٹل میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے پارلیمانی گروپ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی سربراہ نواب ثناء اللہ خان زہری وفاقی وزیر جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ ‘ رکن قومی اسمبلی جام کمال خان ودیگر بھی موجود تھے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ‘ جام کمال خان اور مجھے یہاں بھیجا گیا ہے ہم نے وزیراعلیٰ بلوچستان اورمیر حاصل خان بزنجو سے ملاقات کی ہے جبکہ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور اپنے سینٹ کے امیدواروں سے ملاقات کریں گے ہماری کوشش ہے کہ سیاسی جماعتیں گفت و شنید کے ذریعے ہارس ٹریڈنگ کا راستہ روکیں کیونکہ کچھ لوگ بلوچستان میں سیاسی فضاء کو ہارس ٹریڈنگ کے ذریعے آلودہ کرنا چاہتے ہیں ان کو کامیاب نہیں ہونا چاہئے یہ ایوان بالا کے انتخابات ہیں اور پوری قوم کی نظریں ان انتخابات پر لگی ہوئی ہیں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور وفاقی حکومت کی خواہش ہے کہ سینٹ میں اہل لوگوں کو سامنے لایا جائے انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں جن سیاسی جماعتوں کو نمائندگی حاصل ہے ہم چاہتے ہیں کہ سینٹ میں انہیں اس کے مطابق ان کا حصہ ملے سیاسی جماعتیں بھی اپنے حصہ کے مطابق امیدوار سامنے لائیں اور ہمیں یقین ہے کہ ہم اپنے مشن میں کامیاب رہیں گے اور اپنے اہداف حاصل کر لیں گے انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کے ٹکٹ پر کامیاب ہونے والے دو لوگوں نے اپنی عزیزہ کو سینٹ انتخابات کیلئے نامزد کیا ہے ان سے بھی بات کریں گے اور مثبت راستہ نکالا جائے گا بلوچستان میں پاکستان مسلم لیگ (ق) صوبائی صدر نواب ثناء اللہ خان زہری کی کاوشوں کے باعث ہمارے اتحاد میں شامل ہے جو خوش آئند عمل ہے ۔