الیکشن ٹریبونل نے عمران خان کی ووٹوں کی تصدیق نادرا سے کرانے کی استدعا منظور کر لی،این اے 122 اور پی پی 147 کے ووٹرز کے انگھوٹھوں کے نشانات اور ریکارڈ نادرا سے تصدیق اور رپورٹ ایک ماہ کے اندر الیکشن ٹریبونل میں جمع کرائی جائے ،جسٹس کاظم ملک،این اے 122 ،الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ خوش آئندہ ہے تسلیم کرتے ہیں، شاہ محمود قریشی،چاہتے ہیں شفاف طریقے سے جانچ پڑتال ہو اور انصاف نظر آئے ،جوڈیشل کمیشن کے ذریعے تمام معاملات کو حل کرنا چاہتے ہیں، وائس چیئرمین تحریک انصاف

جمعرات 5 مارچ 2015 08:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5 مارچ۔2015ء)الیکشن ٹریبونل نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے این اے122 اور پی پی147 کے ووٹوں کی تصدیق نادرا سے کرانے کا حکم دیتے ہوئے ایک ماہ کے اندر رپورٹ الیکشن ٹریبونل میں جمع کرانے کی ہدایت کر دی ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کے روز الیکشن ٹریبونل میں این اے 122 میں مبینہ دھاندلی کے حوالے سے جسٹس کاظم ملک کی سربراہی میں کیس کی سماعت ہوئی ۔

اس موقع پر عمران خان اور سپیکر ایاز صادق کے وکلاء بھی موجود تھے۔الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس کاظم ملک نے عمران خان کی این اے 122 اور پی پی147 میں میں ووٹروں کی تصدیق نادرا سے کرانے کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے نادرا حکام کو حکم دیا ہے کہ بیلٹ پیپرز ،سامان ،کاؤنٹر فائلز اور ووٹرز کے انگھوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کرے اور ایک ماہ کے اندر رپورٹ الیکشن ٹریبونل میں جمع کرائی جائے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر الیکشن ٹریبونل کے باہر بڑی تعداد میں مسلم لیگ (ن) کے کارکن موجود تھے اور تحریک انصاف کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے ۔واضح رہے کہ عام انتخابات میں این اے 122 میں سپیکر ایاز صادق جبکہ 147 سے ن لیگ کے محسن لطیف کامیاب ہوئے تھے ۔عمران خان نے ان دونوں حلقوں میں مبینہ دھاندلی کے حوالے سے الیکشن ٹریبونل میں درخواست دائر کررکھی ہے ،اس سے قبل الیکشن ٹریبونل نے ایک لوکل کمیشن تشکیل دیا تھا جس میں ان دونوں حلقوں میں دھاندلی کا کوئی ثبوت نہیں ملا ۔

جس کے بعد عمران خان نے این اے 122 اورپی پی147 کے ووٹوں کا ریکارڈ کی تصدیق نادرا سے کرانے کی درخواست دائر کی ۔جس پر الیکشن ٹریبونل نے عمران خان اور سپیکر ایاز صادق کے وکلاء دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا ۔جو گزشتہ روز الیکشن ٹریبونل نے عمران خان کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے نادرا کو حکم دیا کہ این اے 122 اور پی پی 147 کے ووٹروں کی تصدیق کی جائے اور ایک ماہ کے اندر رپورٹ الیکشن ٹریبونل میں جمع کرائی جائے ۔

تحریک انصاف نے این اے 122 کے حوالے سے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چاہتے ہیں کہ معاملہ میں شفافیت اور انصاف نظر آئے ،شفاف الیکشن ہی جمہوریت کا حسن ہیں ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کے روز تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے این اے 122 کے حوالے سے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے خوش آئندہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت شفاف الیکشن سے ہی آسکتی ہے ،الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف جوڈیشل کمیشن کے ذریعے شفافیت چاہتی ہے اور تمام معاملات کو شفافیت سے ہی حل کرنا چاہیے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن ٹریبونل کیس میں تاخیر ضرور ہوئی ہے لیکن عدالتی فیصلوں کا احترام کرنا پڑتا ہے،اس فیصلے سے بہت سی چیزیں سامنے آئیں گی، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی سڑکوں پر آنے کی کوئی خواہش نہیں ہے لیکن جب انصاف نہیں ملے گا تو سڑکوں پر آنے کے علاوہ ہمارے پاس کوئی د وسرا راستہ نہیں ہے ، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انتخابات کی جانچ پڑتال کے لئے جلد از جلد جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے تا کہ الیکشن کی شفافیت سے انکوائری کرائی جا سکے