وزیر اعظم نوا زشریف کی سعودی شاہ کی خصوصی دعوت پر ریاض پہنچنے پر شاندار تاریخی پذیرائی ،پاک سعودی سفارتی تاریخ میں پہلی بار کسی سعودی فرمانروا کا پاکستانی وزیر اعظم کا کابینہ سمیت ایئر پورٹ پر آ کر استقبال ،سعودی فرمانروا تمام پروٹوکول بالائے طاق رکھ کر ولی عہد اور کابینہ کے ہمراہ ایئر پورٹ آئے ،سعودی شاہ کی نواز شریف کی یہ پذیرائی سعودی قیادت سے ذاتی تعلقات اور پاکستان کی اہمیت کی مظہر ہے ، سفارتی حلقے

جمعرات 5 مارچ 2015 08:38

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5مارچ۔2015ء) نئے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی خصوصی دعوت پر وزیر اعظم نوا زشریف کی وفد کے ہمراہ بدھ کو ریاض پہنچنے پر شاندار تاریخی پذیرائی ‘ پاک سعودی تعلقات کے دوران پہلی بار سعودی فرمانروا کا تمام پروٹوکول بالائے طاق رکھ کر ولی عہد اور کابینہ کے ہمراہ ایئر پورٹ پر پاکستانی وزیر اعظم کا استقبال۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی وفد کے ہمراہ ریاض آمد پر اس وقت نئی تاریخ رقم ہو ئی جب شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود تمام تر پروٹوکول کو بالائے طاق رکھ کر اپنے ولی عہد شہزادہ مقرن بن عبدالعزیز اور پوری کابینہ کے ہمراہ ایئر پورٹ پر پہنچے اور وزیر اعظم نواز شریف کا استقبال کیا ۔ سفارتی حلقوں کے مطابق یہ پذیرائی دونوں ممالک کے قریبی تعلقات اور سعودی قیادت سے وزیر اعظم نوا زشریف کے ذاتی تعلقات اور پاکستان کو اہمیت دینے کا واضح اظہار ہے۔

(جاری ہے)

سفارتی حلقوں کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کی سفارتی تاریخ میں یہ پہلی بار کسی سعودی فرمانروا نے پاکستان کے سربراہ حکومت (وزیر اعظم) کا خود ایئر پورٹ پر آ کر استقبال کیا ہے۔ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز ‘ ولی عہد شہزادہ مقرن بن عبدالعزیز ‘ نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن نائف سمیت پوری سعودی کابینہ پاکستانی وزیر اعظم کے استقبال کیلئے ایئرپورٹ پر موجود تھی۔

وزیر اعظم نواز شریف اور شاہ سلمان گرمجوشی سے ایک دوسرے سے گلے ملے۔ سعودی کابینہ کا وزیر اعظم سے تعارف کرایا گیا جبکہ وزیر اعظم نے اپنے وفد میں شامل وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف‘قومی امور کیلئے اپنے معاون خصوصی عرفان صدیقی ‘ خارجہ امور کے معاون خصوصی طارق فاطمی کا شاہ سلمان سے تعارف کرایا۔ ایئرپورٹ پر استقبالیہ تقریب کے فوری بعد سعودی شاہ اور وزیراعظم نواز شریف کے درمیان بات چیت کا ابتدائی دور ہوا ، جس میں علاقائی صورتحال سمیت اہم ایشوز پر بات چیت کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :