سینٹ انتخابات سے جمہوری عمل کا ایک اور مرحلہ پورا ہو گیا ہے ،نواز شریف،ہم جمہوری اداروں کو مستحکم اور پروقار بنانے پر یقین رکھتے ہیں ، 2018ء میں قومی اسمبلی اور سینٹ دونوں اداروں کے انتخابات ہونگے جن کیلئے ہم تمام جماعتوں کے تعاون سے دور رس انتخابی اصلاحات کریں گے، وزیر اعظم کا مدینہ منورہ میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب

جمعہ 6 مارچ 2015 09:10

مدینہ منورہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 مارچ۔2015ء) وزیرا عظم نواز شریف نے کہا ہے کہ سینٹ کے انتخابات سے جمہوری عمل کا ایک اور مرحلہ پورا ہو گیا ہے ہم جمہوری اداروں کو مستحکم اور پروقار بنانے پر یقین رکھتے ہیں ۔ 2018ء میں قومی اسمبلی اور سینٹ دونوں اداروں کے انتخابات ہونگے جن کے لئے ہم تمام جماعتوں کے تعاون سے دور رس انتخابی اصلاحات کریں گے ۔

وہ یہاں پاکستانی کمیونٹی کے ایک وفد سے بات چیت کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ 2018ء کے انتخابات ماضی کی تمام خامیوں سے پاک ہوں گے ۔ انہوں نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ گہرے برادرانہ تعلقات کی بنیاد پاکستان کے کرہ ارض پر ایک آزاد ملک کی حیثیت سے معرض وجود میں آنے کے پہلے دن سے ہی پڑگئی تھی۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید گہرے ہو تے چلے جا رہے ہیں اور اس کی اصل وجہ دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں ایک دوسرے کے لئے گراں قدر احترام اور محبت کے جذبات ہیں ۔ ہر پاکستانی سر زمین حجاز سے گہری عقیدت و محبت رکھتا ہے ۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم بیس لاکھ سے زائد پاکستانی تارکین وطن کے لئے یہ بات انتہائی قابل فخر ہے کہ وہ اپنے دوسرے گھر میں کام کر رہے ہیں وہ سالانہ پونے پانچ ارب ڈالرز کا زر مبادلہ اپنے وطن بھیج رہے ہیں اور حکومت کو ان پر فخر ہے کہ انہوں نے اپنے وسائل اور صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں سعودی عرب کی تعمیر و ترقی کے لئے صرف کیا ۔

جس سے نہ صرف پاکستان کا نام روشن ہوا بلکہ دونوں برادر ممالک میں تعلقات کو غیر معمولی وسعت ملی ۔انہوں نے کہا کہ ان تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے دونوں ممالک کے درمیان وفود کا تبادلہ کیا جائے گا ۔جس سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات مزیدمضبوط ہوں گے ۔