نیویارک :اسکولوں میں مسلم طلبہ کے لیے مزید دو چھٹیوں کا اعلان ،مسلم طلبہ اپنے دو مقدس ایام عید الفطر اور عید الاضحیٰ کے موقع پر ایک ایک چھٹی کرسکیں گے

جمعہ 6 مارچ 2015 09:04

نیویارک ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 مارچ۔2015ء)امریکا کے شہر نیویارک کے مئیر بل ڈی بلاسیو نے انتخابی مہم کے دوران مسلمانوں سے کیا گیا اپنا ایک وعدہ ایفاء کردیا ہے اور انھوں نے سرکاری اسکولوں کے کیلنڈر میں مسلم طلبہ وطالبات کے لیے مزید دو چھٹیوں کا اضافہ کردیا ہے۔اب مسلم طلبہ اپنے دو مقدس ایام عید الفطر اور عید الاضحیٰ کے موقع پر ایک ایک چھٹی کرسکیں گے۔

2015-16 کے تعلیمی سال کے دوران 24 ستمبر کو عیدالاضحیٰ کے موقع پر مسلم طلبہ کو چھٹی ہوگی جبکہ عیدالفطر کے موقع پر آیندہ سال 2016ء سے چھٹی ہوا کرے گی۔میئر کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نیویارک کے ثقافتی اور مذہبی تنوع کی عکاسی کرتا ہے۔انھوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ''ہم نے خاندانوں سے اپنے تعلیمی سال میں تبدیلی لانے کا وعدہ کیا تھا تاکہ اس سے ہمارے شہر کے ثقافتی تنوع اور مضبوطی کی عکاسی ہو''۔

(جاری ہے)

''اب ہزاروں مسلم خاندانوں کو اپنے مقدس ایام منانے اور بچوں کو اسکول بھیجنے میں سے کسی ایک کا انتخاب نہیں کرنا پڑے گا''۔واضح رہے کہ نیویارک کے سرکاری اسکولوں میں پہلے ہی یہود اور عیسائیوں کے مذہبی ایام کے موقع پر ان مذاہب کے پیروکار طلبہ کو تعطیل ہوتی ہے۔نیویارک کے سرکاری اسکولوں میں مسلم طلبہ کی تعداد قریباً دس فی صد ہے لیکن نیویارک پہلا امریکی شہر نہیں ہے جہاں مسلمانوں کی عیدالفطر اور عیدالاضحی کے موقع پر سرکاری اسکول بند رہا کریں گے بلکہ اس سے پہلے ورمونٹ ،میساچیوسٹس اور نیوجرسی کے بعض علاقوں میں ان ایام کے موقع پر مسلم طلبہ کو تعطیل دی جاتی ہے۔

یادرہے کہ نیویارک کی مسلم کمیونٹی کے رہ نما ایک عرصے سے مقدس ایام کے مواقع پر اسکولوں مِں سرکاری تعطیل اور انھیں بند رکھنے کا مطالبہ کرتے چلے آ رہے تھے

متعلقہ عنوان :