اسلام آباد،پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی مراد سعید نے تعلیمی اسناد کے حوالے سے خود پر لگنے والے الزامات کو جھوٹ اور بے بنیاد قرار دیدیا ، عدالت سے رجوع کا اعلان

جمعہ 6 مارچ 2015 08:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 مارچ۔2015ء)پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی مراد سعید نے تعلیمی اسناد کے حوالے سے خود پر لگنے والے الزامات کو جھوٹ اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ان کی تردید کی ہے اور عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تحریک انصاف کے مرکزی دفتر میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے سولہ سالہ کیرئیر کے دوران کبھی فیل نہیں ہوئے بلکہ اس کے برعکس انہوں نے ہمیشہ اپنے تعلیمی اداروں خصوصاً پشاور یونیورسٹی کیلئے تقریری مقابلوں و دیگر ہم نصابی سرگرمیوں میں بے شمار انعامات جیتے ، جبکہ ایک سازش کے تحت ان کی ساکھ اور تعلیمی قابلیت کو نقصان پہنچا کر انہیں تحریک انصاف سے وابستگی کی سزا دی جا رہی ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ یونیورسٹی ریکارڈ تصدیق کرتا ہے کہ انہوں نے اپنی تعلیم کامیابی سے مکمل کی اور اس حوالے سے انہیں ڈیٹل مارکس سرٹیفکیٹ بھی جاری کر دیا گیا، تاہم متعدد یاد دہانی اور گزارشات کے باوجود انہیں ڈگری جاری نہیں کی گی اور اساتذہ کے درمیان پیشہ وارانہ رقابت کے باعث ان کی تعلیمی اسناد کا رستہ روکا گیا۔

(جاری ہے)

میڈیا کے سامنے تمام دستاویز اور شواہد پیش کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ وہ حق پر ہیں اور حصول انصاف کیلئے عدالت سے رجوع کرینگے اور جب تک عدالت سے معصوم قرار نہیں دیے جاتے کسی بھی فورم پر تحریک انصاف کی نمائندگی سے گریز کرینگے۔

ان کے مطابق ان کے خلاف تیا رکی گئی سازش میں یونیورسٹی آف پشاور کے وائس چانسلر جن کی وابستگی عوامی نیشنل پارٹی سے ہے ملوث ہیں اور ایک سوچے سمجھے منصوبوں کے تحت ان کی شہرت خراب کرنے کی کوششیں جاری ہیں تاہم وہ خوفزدہ نہیں ہونگے اور ڈٹ کر اس سازش کا مقابلہ کرینگے۔ چیئرمین تحریک انصاف کے ترجمان عمر سرفراز چیمہ بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ موجود تھے۔