بلوچستان میں 23 مارچ کو دہشتگردی کے دو بڑے منصوبے ناکام بنادیے گئے، افغانستان سے آنے والے اسلحے میں را اور افغان انٹیلی ایجنس ملوث ہے۔ڈی آئی جی ایف سی بلوچستان

ہفتہ 7 مارچ 2015 09:30

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7 مارچ۔2015ء )ایف سی نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے تئیس مارچ کودہشتگردی کے دو منصوبے ناکام بنا دیئے، بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا، جبکہ چمن سے تخریب کاری کے منصوبوں کا ماسٹر مائنڈ پکڑاگیا۔صوبائی وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے ڈی آئی جی ایف سی کے ہمراہ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ چمن سے تئیس مارچ کی تقریبات پر حملے کے منصوبے کا ماسٹر مائنڈ پکڑا گیا ہے۔

(جاری ہے)

دہشتگردوں نے تئیس مارچ کی تقریبات پر حملے کے دو منصوبے بنارکھے تھے۔دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کوئٹہ، نیو کاہان، ہزارگنجی، دالبندین اور چمن میں کی گئیں۔ کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیزمواد برآمد کیاگیا۔ڈی آئی جی ایف سی اختر محمود نے بتایا کہ افغانستان سے آنے والے اسلحے میں را اور افغان انٹیلی ایجنس ملوث ہے۔ ڈی آئی جی ایف سی اختر محمود نے دہشتگردوں کو پکڑنے اور قیام امن کے لئے مقامی آبادی سے تعاون کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ مقامی افراد کسی بھی مشتبہ شخص یا سرگرمی کی انفارمیشن دیں، تاکہ شرپسند عناصر کے خلاف بروت کارروائی کی جاسکے۔