سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے عمران خان کیخلاف ہرجانہ کیس کی سماعت، سماعت 14 مارچ تک ملتوی، افتخار محمد چوہدری کو بلٹ پروف گاڑی عدالت کے حکم پر دی گئی ہے، اس پر بے جاء بحث و تنقید کرنا آرٹیکل 68 کی خلاف ورزی ہے،احسن الدین شیخ

اتوار 8 مارچ 2015 10:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8 مارچ۔2015ء) سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کیخلاف ہرجانہ کیس کی سماعت سیشن جج محمد تنویر کی عدالت میں ہوئی۔ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی طرف سے ایڈووکیٹ احسن الدین شیخ جبکہ جواب دہندہ کی جانب سے شاہ خاور بخاری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور فاضل جج کو بتایا کہ سینئر ایڈووکیٹ بابر اعوان کی طبیعت ناساز ہے جس کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے۔

(جاری ہے)

شاہ خاور بخاری نے ایڈووکیٹ بابر اعوان کے وکالت نامے پر اعتراض کی درخواست پر جواب بھی عدالت میں داخل کروایا۔ انہوں نے عدالت سے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے سماعت 14 مارچ تک ملتوی کردی۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن الدین شیخ نے کہا کہ ایڈووکیٹ بابر اعوان ہمارے بھاگنے کی بات کرتے تھے لیکن وہ آج خود بھاگ گئے ہیں۔ افتخار محمد چوہدری کو بلٹ پروف گاڑی عدالت کے حکم پر دی گئی ہے لہٰذا اس پر بے جاء بحث و تنقید کرنا آرٹیکل 68 کی خلاف ورزی ہے جبکہ شاہ خاور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم بہت سے ثبوت لے کر آئے تھے لیکن مخالف فریق صرف وکالت نامے پر اعتراض کی درخواست پر بحث کرکے کارروائی کو تاخیر کا شکار بنارہے ہیں۔