پاکستان ہمسایہ ممالک میں امن و ترقی کا خواہاں ہے، کاسا 1000اور تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کیلئے افغانستان کا تعاون اہمیت کا حامل ہے ، پاک افغان تجارتی معاہدے اور پاکستان ، افغانستان، تاجکستان ٹرانزٹ ٹریڈ سہ فریقی معاہدے کیلئے افغان حکومت کے مثبت جواب کے منتظر ہیں،وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈارکی افغان ہم منصب عمر زاخیل وال سے ٹیلی فون پر گفتگو،افغان وزیر خزانہ نے صدر اشرف غنی کی جانب سے نواز شریف کیلئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا

پیر 9 مارچ 2015 10:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 مارچ۔2015ء)پاک افغان وزرائے خزانہ میں ٹیلی فونک رابطہ، افغان وزیر خزانہ عمرزاخیل وال نے صدر اشرف غنی کی جانب سے وزیر اعظم نواز شریف کیلئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا، افغان صدر کے گزشتہ دورہ پاکستان کے دوران اور یکم جنوری کو افغان پاک ٹرانزٹ ٹریڈ اتھارٹی کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمد پر شکریہ کا اظہار ۔

اتوار کو ہونے والی بات چیت میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان برادر ہمسایہ ممالک میں امن و ترقی کا خواہاں ہے، کاسا 1000اور تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کیلئے افغانستان کا تعاون اہمیت کا حامل ہے جبکہ ہم پاک افغان تجارتی معاہدے اور پاکستان ، افغانستان، تاجکستان ٹرانزٹ ٹریڈ سہ فریقی معاہدے کیلئے افغان حکومت کے مثبت جواب کے منتظر ہیں۔

(جاری ہے)

اتوار کو افغانستان کے وزیر خزانہ عمر زاخیل وال نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو ٹیلی فون کر کے صدر اشرف غنی کے گزشتہ دورہ پاکستان کے دوران طے پانے والے امور پر عملدرآمد کو سراہا۔ انہوں نے وزیر خزانہ کو افغان صدر کی جانب سے وزیر اعظم نواز شریف کیلئے نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ یکم اور دو جنوری 2015 کو افغان پاک ٹرانزٹ ٹریڈ اتھارٹی کے دو روزہ اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمد بھی حوصلہ افزاء ہے اور ہم اس پر پاکستانی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

ٹیلی فونک گفتگو کے دوران وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستانی برادر ہمسایہ ممالک میں امن و ترقی کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور بالخصوص افغانستان میں امن کا قیام اور سماجی ترقی ہماری بنیادی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت نے طورخم جلال آباد روڈ کیلئے مطلوبہ فنڈز جاری کر دیئے ہیں جبکہ رحمن بابا سکول کا منصوبہ بھی رواں سال کے دوران مکمل ہو جائے گا۔

سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ توانائی کے منصوبوں بالخصوص کاسا1000اور تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کیلئے افغانستان کا تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم افغان حکومت کی جانب سے پاک افغان ترجیحی تجارتی معاہدے اور پاکستان افغانستان، تاجکستان ٹرانزٹ ٹریڈ کیلئے سہ فریقی معاہدے پر مثبت جواب کے منتظر ہیں۔