سلمان تاثیر قتل کیس،ممتاز قادری کی اپیل کا فیصلہ (آج) سنایا جائے گا

پیر 9 مارچ 2015 09:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 مارچ۔2015ء) اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر قتل کیس میں گرفتار ممتاز قادری اپیل کیس کا فیصلہ (آج) پیر کو سنایا جائے گا۔ عدالت میں ممتاز قادری کی جانب سے سابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ خواجہ محمد شریف اور جسٹس (ر) میاں نذیر اختر جبکہ وفاق کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد میان عبدالرؤف عدالت میں پیش ہوں گے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ جسٹس نورالحق این قریشی اور جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر قتل کیس میں گرفتار ملک ممتاز قادری کی انسداد دہشت گردی کی عدالت سے ہونے والے سزائے موت کیخلاف اپیل پر فیصلہ محفوط کیا تھا۔ ممتاز قادری کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سلمان تاثیر قتل کیس میں موت کی سزا سنائی تھی جسے درخواست گزار نے عدالت عالیہ میں چیلنج کیا تھا۔

(جاری ہے)

ہائیکورٹ اسلام آباد کے اس وقت کے چیف جسٹس اقبال حمیدالرحمن اور جسٹس محمد انور خان کاسی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے حکم امتناعی جاری کیا تھا بعدازاں تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل عدالت میں ممتاز قادری کی جانب سے سابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ خواجہ محمد شریف اور جسٹس (ر) میاں نذیر اختر نے اپنے موکل کے حق میں تقریباً پانچ دن دلائل جاری رکھتے ہوئے مکمل کئے تھے اور وفاق کے وکیل نے بھی عدالت میں دلائل مکمل کئے تھے۔ عدالت نے دونوں فریقین کی جانب سے دلائل مکمل ہونے کے بعد ممتاز قادری کی اپیل کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :