کراچی، رینجرز کیساتھ مقابلے میں کالعدم تحریک طالبان کراچی کے امیر اور نائب امیر سمیت 4دہشت گرد ہلاک، دو رینجرز اہلکار زخمی

منگل 10 مارچ 2015 10:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 مارچ۔2015ء)کراچی کے علاقے سرجانی ٹاوٴن میں رینجرز کے ساتھ مقابلے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کراچی کے امیر اور نائب امیر سمیت 4دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ دو رینجرز اہلکار زخمی ہوگئے ہیں ،ہلاک دہشت گردوں سے خود کش جیکٹس اور دستی بم برآمد کرلیے ہیں ۔تفصیلا ت کے مطابق کے سرجانی ٹاؤن تھانے کی حدود سیکٹر 10 میں رینجرزنے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی تو ملزمان نے رینجرز پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک رینجرز اہلکار زخمی ہوگیا ،رینجرز کی جوابی فائرنگ سے ایک دہشت گرد بھی ہلاک ہوگیا تاہم اس دوران دیگر دہشت گرد علاقے کی اندرونی گلیوں کی جانب فرار ہوگئے ،رینجرز نے فرار ہونے والے دہشت گردوں کا تعاقب کیا تو ایک بار پھر ملزمان اور رینجرز اہلکاروں کے دوران فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا جس میں مزید ایک رینجرز اہلکار زخمی ہوا جسے اسپتال منتقل کردیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

فائرنگ اس قدر شدید تھی کہ لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے، جس پر مزید نفری اور پولیس کوبھی طلب کیا گیا ۔مزید نفری کے پہنچنے پر پورے علاقے کا گھیراؤ کرلیا گیا اور تلاشی کا عمل شروع کیا گیا تو ملزمان نے پھر فائرنگ شروع کردی ،جوابی فائرنگ میں مزید 3دہشت گرد مارے گئے ۔رینجرز ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں ہلاک دہشتگردوں میں کالعدم تحریک طالبان کراچی کا امیر اور نائب امیر شامل ہیں جن کی شناخت طارق خان عرف چھوٹا عابد اور رحمان الدین عرف لالہ کے نام سے ہوئی ہے جبکہ دیگر دہشت گردوں کی شناخت امجد خان اور سردار رب خان کے نام سے ہوئی ہے ۔

ملزمان کے قبضے سے ایک خودکش جیکٹ ،دو دستی بم اور 4پستول برآمد ہوئے ہیں ۔ترجمان کے مطابق ملزمان کراچی میں دہشت گردی کی واردات کے حوالے سے منصوبہ بندی کرر ہے تھے ۔