امریکہ پاکستانی مصنوعات کو مزید رسائی کیلئے ترجیحی اقدامات کرے ، خرم دستگیر خان، امریکی کانگریس کی طرف سے جی ایس پی پلس کی توثیق نہ ہونے کے باعث امریکی منڈیوں تک آسان رسائی کیلئے متبادل اقدامات کئے جائیں، امریکی وزیر تجارت سے ملاقات

منگل 10 مارچ 2015 10:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 مارچ۔2015ء)وفاقی وزیر تجارت انجنئیر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستانی مصنوعات کو مزید رسائی کیلئے ترجیحی اقدامات کرے ، امریکی کانگریس کی طرف سے جی ایس پی پلس کی توثیق نہ ہونے کے باعث امریکی منڈیوں تک آسان رسائی کیلئے متبادل اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار سے امریکی وزیر تجارت پینی پرٹزکر سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ایک وفد کے ہمراہ ان سے ملاقات کی ۔

امریکی وزیر تجارت پاک امریکہ ہفتہء معاشی تعاون اور پاک امریکہ بزنس آپرٹیونٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے پاکستان کے دورے پر ہیں۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین تجارت میں اضافے، امریکی منڈیوں تک وسیع تر اور سہل رسائی اورپاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے موزوں سیکٹروں سے متعلق موضوعات زیر بحث آئے ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں معاشی اصلاحات کو تمام دنیا میں سراہا گیا ہے ، ان اقدامات کی بدولت بیرونی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں توانائی ، متبادل ذرائع توانائی اور ایگرو فوڈ پراسیسنگ میں سرمایہ کاری کے مواقع خطے کے تمام ممالک سے زیادہ اور منافع بخش ہیں، مزید برآں پاکستان کا فوڈ پراسیسنگ سیکٹر وسطی ایشیائی اور خلیجی ممالک کی خوراک کی ضروریات پوری کر سکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان تیزی سے امن اور معاشی خوشحالی کی طرف گامزن ہے اور پہلے آنے والے بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے منافع کے نادر مواقع موجود ہیں۔

امریکی وزیر تجارت نے اپنی گفتگومیں کہا کہ امریکہ پاکستان سے مستحکم اور طویل المدتی معاشی و تجارتی تعاون چاہتا ہے ، پاک امریکہ بزنس آپرٹیونٹی کانفرنس کا پاکستان میں انعقاد اور امریکی سرمایہ کاروں کا پاکستان آنا خوش آئند ہے ۔ موجودہ پاکستانی حکومت مستقبل کے تقاضوں کے مطابق آزاد معاشی پالیسیاں بنا رہی ہے،حکومت کی ملکی انفراسٹرکچر میں جدت لانے کی کاوشیں اس بات کی مظہر ہیں کہ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے کھلا ہے ،انھوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے متعلق امریکی پرائیویٹ سیکٹر کو آگاہ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :