پاکستان اور افغانستان نے غیر رجسٹرڈ افغانوں کی رجسٹریشن کیلئے مشترکہ کمیٹی قائم کر دی ،31 دسمبر کی ڈیڈ لائن میں توسیع نہیں جا سکتی ‘ پاکستانی حکام

بدھ 11 مارچ 2015 09:18

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11 مارچ۔2015ء) پاکستان اور افغانستان نے غیر رجسٹرڈ افغانوں کی رجسٹریشن کے لئے مشترکہ کمیٹی قائم کر دی ہے جس کے ذریعے میکانزم وضع کیا جائے گا تاہم اسلام آباد نے کابل پر واضح کیا ہے وہ 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن کے بعد افغان پناہ گزینوں کو رعایت نہیں دے سکتا ۔ ایک رپورٹ کے مطابق ایک سینئر حکومتی عہدیدار نے بتایا کہ دونوں طرف کے حکام کے اجلاس میں پناہ گزینوں کی وطنی واپسی کے حوالے سے جامع پیکیج کے حوالے سے بات چیت ہوئی انہوں نے کہا کہ ہم نے افغان وفد کو کہا ہے کہ انسانی مدد کے آنے تک وہ یہاں قیام پزیر تھے اور اب پناہ گزینوں کو مزید توسیع نہیں دی جا سکتی ۔

افغان حکام رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ دونوں کے لئے توسیع چاہتے ہیں تاہم ہم نے انہیں بتایا کہ غیر رجسٹرڈ شدہ افغانوں کے ساتھ قانون کے مطابق نمٹا جائے گا ۔

(جاری ہے)

تاہم طرفین اس بات پر متفق ہوئے کہ ایک مشترکہ کمیٹی قائم کی جائے گی ۔ جو ان افغانوں کی رجسٹریشن کرے گی جن کے پاس دستاویزات نہیں ہیں ۔ عہدیداران نے بتایا کہ یہ کمیٹی نادرا کے حکام ‘ افغان پناہ گزینوں کے کمشنریٹ اور افغان وزارت برائے پناہ گزینوں کے عہدیداروں پر مشتمل ہو گی ۔

اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ افغان حکومت پناہ گزینوں کی باعزت وطن واپسی میں تعاون فراہم کرے گی اور ممکنہ وسائل فراہم کرے گی ۔ اقوام متحدہ کا ادارہ برائے پنہ گزین بھی افغان حکومت کی واپسی حوالے سے مدد کرے گا ۔ حکام کے مطابق افغان وفد گزشتہ روز پاکستان پہنچا جو آج بدھ کو ہونے والے سہہ فریقی اجلاس میں بھی شرکت کرے گا یہ کمیشن پاکستان افغانستان اور یو این ایچ سی آر پر مشتمل ہے اجلاس میں رجسٹرڈ افغانوں کی وطن واپسی بارے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ گزشتہ روز پشاور میں ہونے والے اجلاس میں گورنر کے پی کے مہتاب خان عباسی اور وزیر اعلی پرویز خٹک کے ساتھ افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی کے حوالے سے بات چیت کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :