کوئٹہ،ڈپٹی چیئرمین سینٹ کیلئے بلوچستان کی سیاسی جماعتوں کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا ،سینیٹر میر اسرار اللہ زہری ‘میرحاصل خان بزنجو ‘ مولانا عبدالغفور حیدری ‘ روبینہ عرفان اور نسیمہ احسان کے ناموں پر مشاورت کی جائے گی

بدھ 11 مارچ 2015 08:56

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11 مارچ۔2015ء)ڈپٹی چیئرمین سینٹ کیلئے بلوچستان کی سیاسی جماعتوں کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا سینیٹر میر اسرار اللہ زہری ‘میرحاصل خان بزنجو ‘ مولانا عبدالغفور حیدری ‘ روبینہ عرفان اور نسیمہ احسان کے ناموں پر مشاورت کی جائے گی ذرائع کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینٹ کیلئے آج اسلام آباد میں بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی )‘ بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) ‘عوامی نیشنل پارٹی ‘ پاکستان مسلم لیگ (ن) ‘ پاکستان مسلم لیگ (ق) ‘ جمعیت علماء اسلام ‘ پاکستان پیپلزپارٹی کا مشترکہ اجلاس ہوگا جس میں ڈپٹی چیئرمین سینٹ کیلئے کسی بھی امیدوار کے نام کو حتمی قرار دیا جاسکتا ہے بلوچستان کی سیاسی جماعت کے پارلیمانی لیڈر آج اسلام آباد پہنچ رہے ہیں جو مشاورتی اجلاس میں شریک ہونگے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت بی این پی (عوامی) کے مرکزی صدر میر اسرار اللہ زہری نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر میرحاصل خان بزنجو ‘جمعیت علماء اسلام (ف) کے جنرل سیکرٹری ‘ مولانا عبدالغفور حیدری ‘ مسلم لیگ (ق)کی روبینہ عرفان اور بی این پی (عوامی) کی نسیمہ احسان کے نام زیرغور ہیں تاہم یہ فیصلہ نہیں ہوا کہ ڈپٹی چیئرمین سینٹ میں کسی خاتون سینیٹر کو ڈپٹی چیئرمین نامزد کیا جائے پانچوں سینیٹرز میں سے کسی بھی ایک سینیٹر کو ڈپٹی چیئرمین نامزد کرنے کا فیصلہ بلوچستان کی سیاسی جماعتوں کے اجلاس میں آج کیا جائے گا ۔