اثاثے ظاہر نہ کرنے پر الیکشن ٹربیونل نے مسلم لیگ ن کے ایم این اے حلقہ این اے 66 چوہدری حامد حمید کو نااہل قرار دیدیا ، فوری طور پر حلقہ میں نئے الیکشن کروانے کیلئے الیکشن کمیشن کو حکم

جمعہ 13 مارچ 2015 08:47

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13 مارچ۔2015ء) اثاثے ظاہر نہ کرنے پر الیکشن ٹربیونل نے مسلم لیگ ن کے ایم این اے حلقہ این اے 66 چوہدری حامد حمید کو نااہل قرار دیدیا ہے اور فوری طور پر حلقہ میں نئے الیکشن کروانے کیلئے الیکشن کمیشن کو حکم دیدیا ذرائع کے مطابق 11 مئی 2013ءء کو ہونیوالے عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ ن کی ٹکٹ منتخب ہونیوالے رکن قومی اسمبلی چوہدری حامد حمید نے اپنے اثاثے ظاہر نہ کئے تھے جس پر ان کے مد مقابل پی ٹی آئی کے امیدوار ممتاز اختر کاہلوں نے ان کے خلاف الیکشن ٹربیونل میں ایک درخواست دائر کی تھی جس پر الیکشن ٹربیونل راولپنڈی کے جسٹس وامیق جاوید نے گزشتہ روز اپنا فیصلہ سناتے ہوئے وفاقی وزیر مملکت برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان کو اثاثے ظاہر نہ کرنے پر نااہل قرار دیدیا ہے ‘ پی ٹی آئی کے امیدوار ممتاز اختر کاہلوں نے خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پپلاں میں ان کی ایک مل ہے جس میں ان کے ہمراہ تین اور حصے دار بھی تھے لیکن انہوں نے اپنے اثاثہ جات میں اس مل کا کوئی ذکر نہیں کیا تھا الیکشن ٹربیونل نے ثبوت دیکھتے ہوئے ہماری رٹ پر مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی چوہدری حامد حمید کو نااہل قرار دیکر حلقہ این اے 66 میں نئے الیکشن کروانے کا حکم دیا ہے دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی چوہدری حامد حمید کی رہائشگاہ پر مسلم لیگ ن کے کارکنان کی بڑی تعداد پہنچنا شروع ہوگئی۔