حملے کی پیشگی اطلاع نہیں تھی‘ دہشت گردبزدلانہ کارروائیوں سے پاکستانی قوم و خوفزدہ نہیں کر سکتے،صوبائی وزیرداخلہ ،پوری قوم اس المناک واقعہ پر افسردہ اور مسیحی برادری کے ساتھ کھڑی ہے‘ کرنل شجاع خانزادہ کی میڈیا سے گفتگو

پیر 16 مارچ 2015 09:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16 مارچ۔2015ء) صوبائی وزیرداخلہ کرنل (ر) شجاع خانزداہ نے یوحنا آباد میں مسیحی عبادتگاہوں خودکش حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم اس المناک واقعہ پر مسیحی برادری کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک ان کا تعاقب جاری رہے گا۔

کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے پاکستانی قوم کو خوفزدہ نہیں کر سکتے۔ صوبائی دارالحکومت میں اس طرح کے حملے کی کوئی پیشگی اطلاع موجود نہیں تھی۔ اس کے باوجود سکیورٹی کے انتظامات سخت تھے اور پولیس نے اپنی ذمہ داریاں پوری کیں۔انہوں نے کہا کہ دو خودکش حملہ آوروں نے 50سے 60گز کے فاصلے پر واقع دو چرچوں کو نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

مگر سکیورٹی پرمامور اہلکاروں کی مزاحمت کے باعث وہ اندر داخل نہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پوری قوم اس سانحہ کا شکار ہونے والے مسیحی بھائیوں کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے اور اس سانحہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں‘ جلد اس سازش میں ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچا دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :