نائن زیرو پر چھاپہ‘ وزیرداخلہ آج پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں گے،ایم کیو ایم کا نائن زیرو پر چھاپے کے خلاف قومی اسمبلی میں ا حتجاج اور واک آؤٹ کرنے کا منصوبہ

پیر 16 مارچ 2015 10:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16 مارچ۔2015ء)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کراچی آپریشن کی موجودہ صورتحال اور نائن زیرو پر رینجرز کے چھاپے پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ آج (پیر) کو شروع ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران کراچی آپریشن سے متعلق تمام حقائق ایوان کے سامنے رکھیں گے جبکہ ایم کیو ایم نے نائن زیرو پر چھاپے کے خلاف قومی اسمبلی میں ا حتجاج اور واک آؤٹ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان داخلہ امور سے متعلق پارلیمانی کمیٹیوں اور قومی اسمبلی کو کراچی آپریشن کے نتائج‘ قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد اور خاص کر نائن زیرو پر رینجرز کے چھاپے بارے بعض اہم حقائق سے آگاہ کریں گے تاکہ مختلف سیاسی جماعتوں میں جو اس کارروائی کے حوالے سے ابہام پایا جاتا ہے وہ دور کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق چوہدری نثار علی خان پارلیمنٹ کے سامنے بعض اہم اعداد و شمار بھی رکھیں گے جن کا براہ راست تعلق کراچی آپریشن اور نائن زیرو پر رینجرز کے چھاپے سے ہے۔ دوسری طرف ایم کیو ایم نائن زیرو پر چھاپے کے خلاف قومی اسمبلی میں احتجاج کرے گی اور اس کے لئے انہوں نے حزب مخالف کی دوسری جماعتوں سے بھی حمایت مانگی ہے۔ قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل سپیکر تمام پارلیمانی جماعتوں کے نمائندوں کے اجلاس کی صدارت کرینگے تاکہ ایوان کی کارروائی کو خوشگوار ماحول میں لایا جا سکے۔