وزیراعظم کا حکومتی نظم ونسق،بیوروکریسی کی استعداد کارمیں اضافے کاعزم ، بیورو کریسی میں کسی بھی سطح پر بدعنوانی اور نااہلی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی،جنوبی پنجاب سے ارکان قومی اسمبلی سے گفتگو

جمعرات 19 مارچ 2015 09:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19 مارچ۔2015ء)وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نظم و نسق بہتر بنانے اور بیورو کریسی کی استعداد کار میں اضافے کیلئے پرعزم ہے۔وہ بدھ کے روز اسلام آباد میں جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی سے باتیں کررہے تھے۔انہوں نے کہاکہ بیورو کریسی میں کسی بھی سطح پر بدعنوانی اور نااہلی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں سول سروس کے ڈھانچے کوخطرناک حد تک بگاڑا گیاہے اور حکومت سول سروس اصلاحات پر ترجیحی بنیادوں پر کام کررہی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی ہے جس کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی کم ہو رہی ہیں انہوں نے کہاکہ حکومت کسان برادری کو بھی سہولت فراہم کرنا چاہتی ہے۔جنوبی پنجاب کے بارے میں وزیر اعظم نے کہا کہ اس خطے کو ملک کے ترقی یافتہ دیگر علاقوں کے برابر لانے کیلئے اضافی رقوم فراہم کی جارہی ہیں۔ارکان قومی اسمبلی نے کراچی میں شرپسندوں اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی شروع کرنے پر حکومت کو سراہا ' انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس بڑے شہر میں ایک مرتبہ پھر پائیدار امن قائم ہوگا۔