عرفان کی جگہ یاسر شاہ کو کھلانے پر غور کیا گیا ، حتمی فیصلہ وکٹ دیکھ کر کرینگے ، وقار یونس ،’ورلڈ کپ کا کوارٹر فائنل کا بہت بڑا میچ ہے، ہم اس مقام تک پہنچ کر بہت خوش ہیں،ہمیں معلوم ہے کہ آسٹریلیا بہت جارحانہ کھیل کھیلتا ہے، ہمیں بھی ایسا ہی کھیلنا ہو گا۔ ہم آسٹریلیا کو ہرا سکتے ہیں لیکن ہمیں بہت مثبت سوچ کے ساتھ کھیلنا ہو گا، میڈیا سے گفتگو

جمعرات 19 مارچ 2015 08:30

ایڈیلیڈ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19 مارچ۔2015ء ) پاکستانی کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ فاسٹ بولر محمد عرفان کی جگہ یاسر شاہ کو کھلانے پر غور کیاگیا ہے لیکن حتمی فیصلہ وکٹ دیکھ کر کیا جائیگا۔28 سالہ یاسر شاہ کو ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں بھارت کے خلاف کھِلایاگیا تھا لیکن وہ اس میچ میں کوئی وکٹ حاصل نہیں کر سکے تھے۔یاسر شاہ نے مجموعی طور پر دو ون ڈے میچ کھیلے ہیں۔

انھوں نے آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں میں عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 12 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔وقار یونس نے کہا کہ ’ورلڈ کپ کا کوارٹر فائنل کا بہت بڑا میچ ہے، ہم اس مقام تک پہنچ کر بہت خوش ہیں۔‘انھوں نے کہاہمیں معلوم ہے کہ آسٹریلیا بہت جارحانہ کھیل کھیلتا ہے، ہمیں بھی ایسا ہی کھیلنا ہو گا۔ ہم آسٹریلیا کو ہرا سکتے ہیں لیکن ہمیں بہت مثبت سوچ کے ساتھ کھیلنا ہو گا۔

(جاری ہے)

‘وقار یونس نے کہا کہ محمد عرفان کا ان فٹ ہونا بہت بڑا دھچکہ ہے۔ ’محمد عرفان ہمیں ایکس فیکٹر مہیا کرتے تھے لیکن اب ہمیں ان کے علاوہ ہی جینا ہو گا۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ وقاریونس ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل کی بازی اپنے فاسٹ بولروں کی مدد سے جیتنا چاہتے ہیں لیکن انھیں یہ امید بھی ہے کہ بیٹسمین بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے۔وقاریونس کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہمیشہ سخت میچ رہے ہیں اور اس بار بھی ان کی ٹیم ماضی کی کامیابیوں کے مثبت پہلووٴں سے حوصلہ پانے کی کوشش کرے گی۔

وقاریونس نے کہا کہ وہ آسٹریلوی ٹیم کی کمزوری کے بجائے اپنی ٹیم کی قوت پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور پاکستانی ٹیم کی جیت کے امکانات بھی موجود ہیں۔انھوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم اس وقت جس صورت حال سے دوچار ہے اس میں اب مزید پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ مثبت سوچ اختیار کرتے ہوئے کھیلنے کی ضرورت ہے۔وقاریونس نے کہا کہ محمد عرفان کا ان فٹ ہوجانا دھچکہ ضرور ہے لیکن بقیہ بولروں نے بھی اس عالمی کپ میں بہت عمدہ بولنگ کی ہے۔

انھوں نے کہا کہ وہاب ریاض سینیئر بولر کا کردار بخوبی نبھا رہے ہیں ان کا بولنگ ایکشن اور رفتار ہی ان کی سب سے بڑی خوبی ہے۔وقاریونس نے سہیل خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ پہلی بار انٹرنیشنل کرکٹ میں آئے تھے اس وقت وہ آج سے زیادہ تیز تھے لیکن کمر کی تکلیف کے سبب وہ ٹیم میں جگہ برقرار نہ رکھ سکے تھے، لیکن اب وہ ایک مختلف بولر کے طور پر سامنے آئے ہیں۔

ڈومیسٹک کرکٹ سے اٹھ کر انٹرنیشنل کرکٹ اور وہ بھی ورلڈ کپ جیسے ایونٹ میں آ کر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا آسان نہیں ہوتا۔پاکستانی ٹیم کے کوچ آئرلینڈ کے خلاف سرفراز احمد اور احمد شہزاد کی بیٹنگ سے خوش ہیں، ساتھ ہی انھیں یقین ہے کہ صہیب مقصود اور عمر اکمل بھی کوارٹر فائنل میں قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب ہوں گے۔وقاریونس نے کہا کہ ایڈیلیڈ اوول کی وکٹ آسٹریلیا میں سب سے بہترین وکٹ ہے جو بیٹنگ کے لیے سازگار ہے لیکن اگر کوئی اچھا بولر ہے تو وہ بھی وہاں کامیاب ہو سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :