نیٹو افواج کا اسلحہ ان کے دفاتر سے نکلا ہے جنہوں نے کراچی کو برسوں سے یر غمال بنایا ہوا ہے‘ سراج الحق،کراچی کے عوام کے حقوق کے لیے سینیٹ میں آواز بلند کروں گا جس کے ساتھ ظلم ہوگا میں اس کا وکیل بنوں گا ،کراچی کے عوام اور تاجر مل کر عدلیہ ،میڈیا اور شہر کو دہشت گردوں سے آزاد کرنے کی جدو جہد کریں،عوامی جرگہ سے خطاب

جمعہ 20 مارچ 2015 09:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20 مارچ۔2015ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت پختونوں اور ڈاڑھی والوں کودہشتگرد قرار دیتی ہے مگر نیٹو افواج کا اسلحہ تو ان کے دفاتر سے نکلا ہے جنہوں نے کراچی کو برسوں سے یر غمال بنایا ہوا ہے ۔کراچی کے عوام کے حقوق کے لیے سینیٹ میں آواز بلند کروں گا جس کے ساتھ ظلم ہوگا میں اس کا ساتھ دوں گا اور اس کا وکیل بنوں گا ۔

کراچی کے عوام اور تاجر مل کر عدلیہ ،میڈیا اور شہر کو دہشت گردوں سے آزاد کرنے کی جدو جہد کریں ۔جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل منصورہ سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سہراب گوٹھ میں منعقدہ عوامی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔جرگے کا اہتمام کراچی میں رہائش پذیر پختون آبادی کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں اور ماورائے عدالت قتل کے خلاف عوامی احساسات و و جذبات کی ترجمانی کے لیے کیا گیا تھا جس میں قبائیلی عمائدین اور پختونوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

جرگے سے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو ،صوبہ بلوچستان کے امیرعبد المتین اخونزادہ ، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔عوامی جر گے میں عوامی مسائل کے حل کے لیے ایک قرار داد بھی منظور کی گئی۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ آج کا عوامی جر گہ حکمرانوں سے انصاف کے حصول اور آئین و قانون کی بالا دستی کا مطالبہ کرتا ہے ،پاکستان کا آئین اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ کسی کے گھر رات کو گھس کر اسے اُٹھا لیا جائے پھر اس کی لاش کہیں کسی سڑک پر پڑی ملے ۔

کراچی کے لوگ یہ شکایت کرتے ہیں کہ رات کو ان کے گھروں میں کچھ لوگ گھس کر ان کے پیاروں کو اُٹھا لیتے ہیں اور ہماری داد رسی اور فریاد سننے والا کوئی نہیں،میں وزیر اعلیٰ سے کہتا ہوں کہ جب رات کے وقت لوگوں میں گھروں میں گھسا جا سکتا ہے تو پھر لوگ بھی رات کو وزیر اعلیٰ ہاؤس میں گھس سکتے ہیں ۔قبائیلی عوام نے قائد اعظم محمد علی جناح کا ساتھ دیا اور 68سال سے ملک کی حفاظت کر رہے ہیں لیکن اسلام آباد نے قبائیلی عوام کی وفاداری کو تسلیم نہیں کیااور ان کے ساتھ زیادتی کی ،آج ان کے اندر یہ سوچ پیدا ہو رہی ہے کہ اسلام آبادوالے ہمیں اپنا شہری تسلیم کرتے ہیں یا نہیں ۔

حکمرانوں کے رویوں نے ہی مشرقی پاکستان کو بنگلہ دیش بنا دیا ہے ۔پختون قوم غیرت مند قوم ہے اور وہ اپنے گھروں میں دوسروں کے گھسنے کو کسی صورت برداشت نہیں کر سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں میڈیا بھی یرغمال بناہوا ہے جو سچ بولتا ہے اس کو ولی خان بابر بنا دیا جا تا ہے اور آج ولی بابر کا سزا یافتہ قاتل بھی نائن زیرو سے پکڑا جا چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں تاجروں نے بھی بہت بھتہ دیا ہے 259مزدوروں کو جلانے والے کون لوگ ہیں انکے چہرے پر سے نقاب ہٹ چکا ہے یہ کوئی الزام نہیں ۔اب عدالت کا کام ہے کہ ان مظلوموں کے خون کا حساب لے ۔جر گہ مرکزی اور صوبائی حکومت سے اپیل کرتا ہے کراچی میں ظلم بند کیا جائے ۔