پاکستان ،قطر کا تجارت ،دفاع ، توانائی، افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پراتفاق ، دو طرفہ تعاون بڑھانے کیلئے تین معاہدوں پردستخط بھی کئے گئے، پاکستان قطر سے تعلقات کوقدرکی نگاہ سے دیکھتاہے ،مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کومزیدوسعت دیناچاہتے ہیں، وزیرا عظم نواز شریف ،صدر مملکت ممنون حسین،مختلف شعبوں میں قطرکو سرمایہ کاری کی دعوت ،قطرتوانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے منصوبوں سے استفادہ کریگا،امیر قطر شیخ تمیم بن حمادالثانی

منگل 24 مارچ 2015 10:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24 مارچ۔2015ء)پاکستان اورقطرنے تجارت ،دفاع ، توانائی، افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پراتفاق کیا ہے جبکہ دونوں ملکوں کے مابین دو طرفہ تعاون بڑھانے کیلئے تین معاہدوں پردستخط بھی کئے گئے ہیں ۔پاکستان اورقطرکے درمیان پیر کے روز اسلام آبادمیں وفودکی سطح پرمذاکرات ہوئے ۔پاکستانی وفدکی قیادت وزیرا عظم نواز شریف نے کی ۔

وفدمیں وفاقی وزراء خواجہ آصف،اسحاق ڈار،شاہدخاقان عباسی ،مشیرخارجہ سرتاج عزیز،وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی ،شجاعت عظیم اورسیکرٹری خارجہ بھی پاکستان کے وفدمیں شامل تھے جبکہ قطرکے وفدکی قیادت امیرقطرشیخ تمیم بن حمادالثانی نے کی۔ وفدمیں توانائی خارجہ امورخزانہ معیشت تجارت کے وزراء نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

وفودکی سطح پرہونے والی بات چیت میں توانائی ،سرمایہ کاری ،تجارت ،دفاع اورافرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پرتفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان قطرکے ساتھ اپنے تعلقات کوقدرکی نگاہ سے دیکھتاہے ،مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کومزیدوسعت دیناچاہتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں ۔انہوں نے قطرکودنیابھرمیں پرکشش مقام بنانے کیلئے امیرقطرکی کوششوں کوسراہا۔وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان 30کروڑڈالرسالانہ تجارت کوکم قراردیتے ہوئے کہاکہ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ۔

قطرمیں مقیم ایک لاکھ سے زائدپاکستانی اس کواپنادوسراگھرسمجھتے ہیں جن کی طرف سے بھجوائی جانے والی ترسیلات زرملک کی بحالی اوراقتصادی ترقی میں اہم کرداراداکررہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان قطرکی طرف سے افرادی قوت کی درآمدمیں اضافے کاخیرمقدم کریگا۔ اس موقع پر امیرقطرنے کہاکہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کوانتہائی اہمیت دیتے ہیں ۔قطر2022ء کے عالمی فٹبال ورلڈکپ کے مقابلوں کیلئے مختلف ترقیاتی منصوبوں میں پاکستان سے افرادقوت بڑھانے میں دلچسپی رکھتاہے ۔

قبل ازیں وزیراعظم اورامیرقطرکے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی ،جس میں دونوں رہنماوٴں نے باہمی دلچسپی کے اموراورعالمی امورپرتبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم نے کہاکہ امیرقطرکے دورہ پاکستان کے اس طرح منتظرتھے جس طرح ایک بھائی دوسرے بھائی کے استقبال کیلئے بے تاب ہوتاہے ۔امیرقطرکادورہ پاکستان دوطرفہ تعاون کوبلندیوں تک لے جائیگا۔امیرقطرنے کہاکہ قطرتوانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے منصوبوں سے استفادہ کریگا۔

علاوہ ازیں پاکستان اورقطرکے درمیان باہمی تجارت کے فروغ کیلئے تین مختلف سمجھوتوں پردستخط ہوئے ،ثقافت کے شعبے میں تعاون کے حوالے سے معاہدے پروزیراطلاعات پرویزرشیداورقطرکے وزیرخارجہ ڈاکٹرخالدبن محمدنے دستخط کئے ۔دونوں ممالک نے نوجوانوں کے اموراورکھیل کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پردستخط کئے ،تعلیم سائنسی تحقیق ،فنی تعلیم اورمیڈیاکے شعبوں میں تعاون کے حوالے سے ایگزیکٹوپروگرام کے سمجھوتے پربین الصوبائی رابطوں کے وزیرریاض حسین پیرزادہ اورقطرکے وزیرخارجہ نے دستخط کئے۔

صدر مملکت ممنون حسین اور امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی کے درمیان ملاقات میں توانائی ، دفاع اور تجارت کے شعبوں میں تعاون میں اضافے پر اتفاق کیا گیا ہے ۔ صدر اور امیر قطر کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ تعلقات کو مثبت اہمیت دیتا ہے ۔ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت میں اضافے کی ضرورت ہے ۔امیر قطر نے کہا کہ مضبوط اور مستحکم پاکستان کے لیے تعاون جاری رہے گا پاکستانی ماہرین کے لئے قطر کے دروازے کھلے ہیں میرا دورہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کی علامت ہے امیر قطر نے صدر مملکت ممنون حسین کو دورہ قطر کی دعوت بھی دی جس کو صدر نے قبول کرلیا