وزیر اعظم سے ارکان قومی اسمبلی کی ملاقات ،وزراء اور بیوروکریسی کے خلاف شکایات کے انبار لگ گئے ، حکومت پارلیمنٹیرین کی عزت نفس کا خیال رکھے گی،نواز شریف

بدھ 25 مارچ 2015 07:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25 مارچ۔2015ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف سے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کر کے وزراء اور وفاقی سیکرٹریوں کے خلاف شکایات کا انبار لگا دیا ۔ وزیر عظم نے ارکان قومی اسمبلی کو یقین دلایا ہے کہ حکومت پارلیمنٹیرین کی عزت نفس کا خیال رکھے گی ۔

(جاری ہے)

منگل کے روز قومی اسمبلی ارکان کے ایک گروپ نے وزیر اعظم محمد نواز شریف سے ملاقات کی یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب حکومت کو گونا گوں عوامی مسائل کا سامنا ہے ارکان قومی اسمبلی نے بیوروکریسی کی طرف سے ناروا سلوک بارے بھی نواز شریف کو بریف کیا جبکہ پارلیمنٹیرین نے اپنے حلقوں میں ترقیاتی سکیموں کے لئے فنڈز کے جلد اجراء کا مطالبہ کیا ۔

خبر رساں ادارے کو نام ظاہر نہ کرنے پر ایک رکن قومی اسمبلی نے بتایا کہ وزیر اعظم ذاتی طور پر بھی بیوروکرسی سے نالاں ہیں اور عوامی مسائل کے جلد حل نہ ہونے پر پریشان ہیں ۔ وزیر اعظم نے یقین دلایا کہ جون سے قبل ارکان قومی اسمبلی کے ترقیاتی فنڈز جاری کریں گے اور ان کی ترقیاتی سکیمیں مکمل کی جائیں گی ۔ وزیر اعظم نے ارکان کو آپریشن ضرب عضب اور کراچی آپریشن بارے بھی اعتماد میں لیا ۔