مخدوش صوتحال، مصر نے عدن میں سفارت خانہ خالی کردیا ، سفارتی عملے کو واپس بلا لیا

جمعرات 26 مارچ 2015 01:29

عدن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26 مارچ۔2015ء)مصر نے یمن کے جنوبی شہر عدن میں مخدوش صورتحال کے پیش نظر اپنے سفارتی مشن کو خالی کردیا ہے اور وہاں سے اپنے سفارتی عملے کو واپس بلا لیا ہے۔اس نے یہ فیصلہ حوثی شیعہ باغیوں کی اس شہر پر چڑھائی کے بعد کیا ہے۔حوثی باغیوں نے دارالحکومت صنعا سے مسلسل پیش قدمی کے بعد عدن کا محاصرہ کرلیا ہے۔یمنی صدر عبد ربہ منصور ہادی صنعا سے بھاگ آنے کے بعد یہیں مقیم ہیں اور اپنی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کو چلا رہے ہیں۔

یمنی صدر نے حوثیوں کی عدن کی جانب چڑھائی کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو ایک خط لکھا ہے جس میں اس سے بحران کے حل کے لیے فوجی مداخلت کی اپیل کی ہے۔حوثی باغیوں نے بدھ کو اس شہر کے نواح میں واقع ایک ائیربیس پر قبضہ کر لیا ہے جس کے بعد یہ اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں کہ صدر عبد ربہ منصور ہادی عدن سے کہیں اور چلے گئے ہیں لیکن ان کے وزیر خارجہ ریاض یاسین نے ان اطلاعات کی تردید کی ہے۔

(جاری ہے)

عدن کی بگڑتی ہوئی صورت حال کے پیش نظر شہر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو بند کردیا گیا ہے اور سکیورٹی وجوہ کی بنا پر تمام پروازیں معطل کردی گئی ہیں۔واضح رہے کہ صنعا پر حوثیوں کے قبضے اور صدر منصور ہادی کے وہاں سے اٹھ آنے کے بعد سعودی عرب سمیت بعض عرب ممالک نے اپنے سفارت خانے اور سفارتی عملہ کو عدن میں منتقل کردیا تھا۔

متعلقہ عنوان :