شفقت حسین سے تفتیش کے لئے اسلام آباد سے ایف آئی اے ٹیم کی سینٹرل جیل کراچی آمد ،مجرم کے ریکارڈ اور اس کی عمر کے تعین کے سلسلے میں تحقیقات شروع

ہفتہ 28 مارچ 2015 02:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28 مارچ۔2015ء)سزائے موت پانے والے قیدی شفقت حسین سے تفتیش کے لئے اسلام آباد سے ایف آئی اے کی ٹیم سینٹرل جیل کراچی پہنچ گئی، مجرم کے ریکارڈ اور اس کی عمر کے تعین کے سلسلے میں تحقیقات شروع کردی ہے۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ کی ہدایت پر کراچی سینٹرل جیل میں قید سزائے موت کے مرتکب مجرم شفقت حسین کی عمر کا جائزہ لینے کے لئے اسلام آباد سے ڈپٹی ڈائریکٹر گلفام کی سربراہی میں ایف آئی اے کی ٹیم کراچی پہنچ گئی ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق جمعہ کی شام ایف آئی اے کی ٹیم نے سینٹرل جیل کراچی کا دورہ کیا۔ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ ٹیم نے جیل کا ریکارڈ چیک کیا ۔ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ جب مجرم شفقت حسین ٹیم کے سامنے آیا تو اپنا منہ چھپانے کی کوشش کرنے لگا ۔ذرائع کے مطابق سزائے موت کے مرتکب مجرم شفقت حسین نے خود کو کم عمر ظاہر کرنے کے لئے داڑھی اور مونچھیں صاف کی ہوئی تھیں ۔ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ جیل حکام نے بتایا کہ سینٹرل جیل کراچی میں 14سال سے کم عمر کا بچہ نہیں لایا جاتا ہے ۔ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ شفقت حسین کا ریکارڈ اکٹھا کیا اور اس کی رپورٹ وزرات داخلہ میں جمع کرائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :