سعودی عرب کی ہر مشکل گھڑی میں ان کا ساتھ دیں گے، خورشید شاہ، عمران خان غیر سنجیدہ سیاست کررہے ہیں، کبھی ایم کیو ایم سے مدد توکبھی ن لیگ سے اتحاد کرلیتے ہیں۔قا ئد حزب اختلاف کی سکھر میں میڈیا سے گفتگو

اتوار 29 مارچ 2015 01:47

سکھر( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29 مارچ۔2015ء )اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب برادر اسلامی ملک ہے اور ہر مشکل گھڑی میں ہم ان کا ساتھ دیں گے۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان غیر سنجیدہ سیاست کررہے ہیں، کبھی ایم کیو ایم سے مدد مانگتے ہیں تو کبھی مخالف جماعت مسلم لیگ ن سے اتحاد کرلیتے ہیں۔سکھر میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہاکہ سعودی عرب ہمارا برادر اسلامی ملک ہے اور ہر مشکل گھڑی میں ہم ان کا ساتھ دیں گے۔

(جاری ہے)

تمام مسلم ممالک کو اپنے تنازعات مل بیٹھ کر حل کرنا چاہئے۔ اپوزیشن لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ عمران کی سیاست بہت غیر سنجیدہ ہے۔ عمران خان نے دھرنوں میں ضرورت پڑنے پر متحدہ قومی مومنٹ سے مدد مانگ لی جبکہ سینیٹ انتخابات میں مسلم لیگ ن سے اتحاد کیا۔انہوں نے کہاکہ شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین نے شکایت کی ہے کہ نواز لیگ حکومت اور پی ٹی آئی کیمابین طے پانے والے معاہدے کے تین نکات سے ہٹ رہی ہے، اگر ایسا ہوا تو ہم پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ یہ وقت لڑائیوں کا نہیں، سیاستدانوں کو تمام معاملات ٹیبل ٹاک کے ذریعے حل کرنے چاہئے۔