یمن سے محصور496پاکستانیوں کولیکرپی آئی کی خصوصی پروازکراچی ائیرپورٹ پراترگئی،ائیرپورٹ ٹرمینل پرمسافروں کی اہل خانہ کی بڑی تعداد،پھول اورہاراٹھائے اپنے پیاروں کے استقبال کیلئے جمع تھے ،لوگ خوشی سے نہال ہوگئے ،پاکستان زندہ بادکے نعرے ،یمن سے کراچی آنے والے پاکستانیوں کے استقبال کی تیاریاں ،وزیراعظم کی جانب سے پارٹی رہنماوٴں کوبھی استقبال کی ہدایت

پیر 30 مارچ 2015 09:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30 مارچ۔2015ء)یمن سے محصورپاکستانیوں کولیکرقومی ائیرلائن کی خصوصی پرواز496مسافروں کولیکراتوارکی رات کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پرپہنچ گئی۔تفصیلات کے مطابق جنگ زدہ ملک یمن میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی واپسی کاعمل شروع ہوگیاہے اورصنعاء سے حدیدہ پہنچنے والے پاکستانیوں پہلاقافلہ وطن واپس پہنچ گیا،قومی ائیرلائن کی پروازپی کے 7002،496مسافروں کوالیکراتوارکی رات کراچی ائیرپورٹ پراتری ،جہاں ائیرپورٹ کی ٹرمینل پرمسافروں کے اہل خانہ کی ایک بڑی تعدادجمع تھی جوپھول اورہاراٹھائے اپنے پیاروں کی آمدکابے تابی سے انتظارکررہے تھے ،اورخوشی سے نہال تھے اوران کی آنکھوں میں خوشی کے آنسودیکھے گئے۔

وطن واپس آنے والے پاکستانیوں کے استقبال کیلئے پی آئی اے انتظامیہ کے اعلیٰ افسران بھی موجودتھے جبکہ اعزازی قونصل جنرل مرزااقبال بیگ بھی وہاں موجودتھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرپاکستان زندہ آباداور حکومت اورپی آئی کے حق میں خوشی کے نعرے لگائے گئے اورحکومت پاکستان کی مشکل میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے اقدامات اورانتظامات پرشکریہ اداکیاگیا۔

وطن واپس آنے والے مسافروں میں سے 340کاتعلق اسلام آباداورشمالی علاقہ جات سے ہے جنہیں اسی پروازکے ذریعے اسلام آبادائیرپورٹ روانہ کیاجائیگا۔یمن میں پاکستانی سفیرعرفان یوسف نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ میں نے اپناحق اداکیاہے ،قوم آزمائش میں سرخروہوئی ہے ،اس عمل میں وزیراعظم نوازشریف اوردیگرحکام نے بھرپورکرداراداکیا،یہ ہم سب کی کامیابی ہے اورمیں پوری قوم اورخاص طورپرجن کے پیارے واپس آئے ہیں انہیں مبارکبادپیش کرتاہوں ،مجھے پوری امیدہے کہ قوم یکجاہوچکی ہے اورآئندہ بھی ہم آزمائش کی ہرگھڑی میں سرخروہوں گے ۔

انہوں نے بتایاکہ باقی پاکستانی بھی آج یاکل وطن واپس لائی جائیں گی ۔انہوں نے میڈیاکاخاص طورپرشکریہ اداکیا۔انہوں نے بتایاکہ میرے ساتھ 496پاکستانی کی واپسی ہوئی ہے ان میں 116بچے ،134خواتین اور223مردشامل ہیں ،340مسافروں کاتعلق اسلام آباداوردیگرعلاقوں سے ہے جنہیں اپنے علاقوں میں بھیجاجائیگایمن سے کراچی آنے والے پاکستانیوں کے استقبال کی تیاریاں ائیرپورٹ کے عملے کی جانب سے رات ساڑھے دس بجے مکمل کرلی گئی تھیں، وزیر اعظم کی جانب سے پارٹی رہنماوٴں کو بھی استقبال کرنے کی خصوصی ہدایت دی گئی تھی، جبکہ ائیرپورٹ پر بڑی تعداد میں پی آئی اے کے افسران بھی استقبال کے لیے موجود ہے۔