وزیراعظم کو یمن سے پاکستانیوں کے انخلاء پر تازہ رپورٹ پیش کی گئی ،عدن سے 150 پاکستانی بذریعہ روڈ مکلا جائیں گے، جہاں سے انہیں وطن واپس لایا جائے ،رپورٹ،یمن سے مزید 250 پاکستانیوں کو 31 مارچ کو وطن لایا جائیگا، دفتر خارجہ

پیر 30 مارچ 2015 09:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30 مارچ۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف کو یمن سے شہریوں کے انخلاء پر تازہ رپورٹ پیش کردی گئی، عدن سے 150 پاکستانی بذریعہ روڈ مکلا جائیں گے، جہاں سے انہیں وطن واپس لایا جائے گا۔میڈیارپورٹ کے مطابق وزیراعظم کو یمن میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلاء پر تازہ رپورٹ پیش کی گئی، جس میں انہیں بتایاگیا ہے کہ یمنی شہر مکلا ابھی تک پْرامن ہے اس کا ایئرپورٹ قابل استعمال ہے، عدن سے 150 پاکستانی بذریعہ روڈ مکلا جائیں گے، جہاں پہلے سے 100 پاکستانی موجود ہیں، مزید پاکستانیوں کو لانے کیلئے پرسوں بھی ایک جہاز یمن جائیگا۔

(جاری ہے)

دریں اثناء دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ یمن سے مزید 250 پاکستانیوں کی واپسی کل 31 مارچ کو ہوگی جبکہ سمندری راستے سے بھی انخلاء ممکن ہے۔میڈیارپورٹ کے مطابق دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے بتایا کہ یمن کے پْرامن شہر المکلہ میں بھی ڈیڑھ سے 250 پاکستانی موجود ہیں، ضرورت پڑی تو المکلہ سے بھی پاکستانیوں کو نکالنے کا انتظام کیا جائے گا۔ترجمان کے مطابق المکلہ کے دونوں ہوائی اڈوں سے پرواز ممکن ہے، عدن میں محصور 150 پاکستانیوں کو بھی المکلہ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ 31 مارچ کو پی آئی اے کا خصوصی طیارہ مزید 250 پاکستانیوں کو لیکر وطن پہنچے گا۔

متعلقہ عنوان :