یمن میں پھنسے پاکستانیوں کو لانے کیلئے دوسرا طیارہ آ ج روانہ ہوگا،المکلا سے خصوصی پرواز کے ذریعے تمام محصورین کو وطن واپس لایا جائے گا، پاکستانیوں کو نکالنے کے لیے چینی حکام سے بھی رابطے میں ہیں،ترجمان دفترخارجہ،یمن میں قید پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کا فیصلہ،حکومت کا یمنی حکام سے رابطہ ،قیدی بقایا سزا پاکستانی جیلوں میں بھگتیں گے،دونوں ملکوں کے درمیان معاملات طے پا گئے

منگل 31 مارچ 2015 02:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31 مارچ۔2015ء) یمن کے شہر المکلا میں پھنسے 150 سے 200 کے قریب پاکستانیوں کو بحفاظت طور پر وطن واپس لانے کے لئے دوسرا خصوصی طیارہ آ ج منگل کو روانہ ہوگا۔ترجمان دفترخارجہ تسنیم اسلم نے اپنے ایک بیا ن میں کہا ہے کہ یمن کے شہر عدن میں شدید جھڑپیں جاری ہیں جس کی وجہ سے ایئرپورٹ تک رسائی ممکن نہیں جہاں پھنسے 100 سے زائد پاکستانیوں کو بذریعہ روڈ المکلا لایا جائے گا جہاں سے خصوصی پرواز کے ذریعے تمام محصورین کو وطن واپس لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 339 مسافروں کو پی آئی اے کی پرواز سے کراچی ایئرپورٹ لایا جائے گا جہاں سے انہیں بذریعہ پرواز اسلام آباد منتقل کیا جائے گا۔ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ محصورین کا المکلا کے نزدیکی ایئرپورٹ ریان کے ذریعے انخلا ممکن ہے جب کہ المکلا سے دوسرا ممکنہ ذریعہ غیضہ ایئرپورٹ ہے اور پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کے لئے چینی حکام سے بھی رابطے میں ہیں جب کہ پاک بحریہ کا جہاز بھی عدن کی جانب روانہ ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستان نے یمن میں قید پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کا فیصلہ کر لیا ہے اس حوالے سے پاکستان اور یمنی حکام میں معاملات طے پا گئے ہیں ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کے روز حکومت پاکستان نے یمنی حکام سے رابطہ کیا ہے جس میں یمن کی صور ت حال محصور پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے جبکہ پاکستان نے یمنی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ یمن میں قید پاکستانی باشندوں کو پاکستان بھیجا جائے اوران قیدیوں کو پاکستان کی جیلوں میں قید کیا جائے گا تا کہ وہ اپنی بقایا سزا پاکستان میں پوری کر سکیں،اس حوالے سے یمنی حکام نے رضا مندی ظاہر کی ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان معاملات بھی طے پا گئے ہیں

متعلقہ عنوان :