وزیردفاع خواجہ آصف کی قیادت میں وفدآج سعودی عرب جائیگا،وفدسعودی قیادت سے مشاورت میں یمن کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لے گا

منگل 31 مارچ 2015 02:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31 مارچ۔2015ء)وفاقی وزیردفاع خواجہ آصف کی قیادت میں اعلی سطحی وفدآج بروزمنگل سعودی عرب جائیگا،وفدسعودی قیادت سے مشاورت کریگا اور یمن کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لے گا ۔دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے خبر رساں ادارے سے گفتگوکرتے ہوئے بتایاکہ پاکستانی وفدوزیردفاع کی قیادت میں آج (منگل)کوسعودی عرب جائیگا۔

ترجمان نے بتایاکہ وفدکادورہ گزشتہ ہفتے شیڈول تھاجوعرب لیگ کے یمن کی صورتحال بارے اجلاس کی وجہ سے ملتوی کردیاگیاتھا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وفدسعودی حکام کواس بات پرقائل کرنے کی کوشش کریگاکہ یمن کے معاملے کواوآئی سی اوراقوام متحدہ کی سطح پرحل کرنے کی کوشش کرے ۔وفدمشرق وسطیٰ تنازعہ کے حل کیلئے پرامن ذرائع کابھی جائزہ لے گا۔

(جاری ہے)

وفدمیں وزیراعظم کے مشیربرائے خارجہ اموروقومی سلامتی سرتاج عزیزاوراعلیٰ فوجی حکام شریک ہوں گے ،جوسعودی بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز،وزیرخارجہ اوروزیردفاع کے ساتھ دوسرے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے ۔سعودی حکام سے مشاورت اورصورتحال کا جائزہ لینے کے بعدوفداسلام آبادواپس آئیگااورحتمی سفارشات پیش کریگا۔سیکرٹری خارجہ اعزازچوہدری نے تصدیق کی کہ سعودی درخواست پر حتمی فیصلہ پاکستانی وفدکی واپسی کے بعدکیاجائیگا۔

متعلقہ عنوان :