شاہ سلمان یمن کی سیاسی قیادت سے ملاقات کے لیے تیار

منگل 31 مارچ 2015 02:28

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31 مارچ۔2015ء)سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ وہ یمن کی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے پر آمادہ تمام یمنی سیاسی جماعتوں کی قیادت سے ملاقات کے لیے تیار ہیں۔سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق انھوں نے یہ بات سعودی کابینہ کے اجلاس میں کہی ہے۔

البتہ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ''اس طرح کی ملاقاتیں خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے زیرانتظام اور اس فریم ورک کے تحت ہونی چاہئیں کہ (یمن میں) مجاز حکومت کو برقرار رکھا جائے گا اور اس کی مخالفت کی کوششوں کو مسترد کیا جائے گا''۔بیان کے مطابق:ان مذاکرات کی شرائط یہ ہوں گی کہ ہتھیاروں کو سرکاری حکام کے حوالے کردیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یمن کے ہمسایہ ممالک کی سلامتی کو ڈرایا دھمکایا جائے گا اور نہ خطرات پیدا کیے جائیں گے۔

سعودی عرب اور اس کے اتحادی ممالک کے لڑاکا طیارے گذشتہ بدھ سے یمن میں حوثی شیعہ باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کررہے ہیں۔حوثی باغی اور سابق صدر علی عبداللہ صالح کی وفادار فورسز صدر عبد ربہ منصور ہادی کی حکومت کے خاتمے کے لیے ہتھیار بند ہیں۔حوثیوں کو ایران کی حمایت حاصل ہے اور وہی ان کے خلاف سعودی عرب کے آپریشن ''فیصلہ کن طوفان'' کی سب سے زیادہ مخالفت کررہا ہے جبکہ خطے کے قریباً تمام ممالک نے حوثی جنگجووٴں کے خلاف فضائی مہم کی حمایت کی ہے۔

متعلقہ عنوان :