پی سی بی نے مصباح الحق کو ٹیسٹ ، اظہر علی کو ایک روزہ ، شاہد خان آفریدی کو ٹی 20کا کپتان مقرر کردیا،اظہر علی ٹیسٹ ،سرفراز احمد باقی دونوں فارمیٹس کے نائب کپتان ہونگے ، ہارون الرشید کو معین خان کی جگہ سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین بنا دیا گیا ، مصباح الحق اور شاہد آفریدی کی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے اور پاکستان کیلئے خدمات قابل قدر ہیں ، انہیں ایک بڑی تقریب میں رخصت کرینگے ، یونس خان نفیس آدمی ہے اچھا ہوا وہ ریٹائر نہیں ہوئے ، ہماری باؤلنگ کو دنیا نے تسلیم کیا جس کا کریڈٹ وقار یونس کو جاتا ہے، چیئرمین پی سی بی شہریار خان کی پریس کانفرنس

منگل 31 مارچ 2015 02:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31 مارچ۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈنے مصباح الحق کو ٹیسٹ ، اظہر علی کو ایک روزہ ، شاہد خان آفریدی کو ٹی 20کا کپتان مقرر کردیا ،اظہر علی ٹیسٹ ،سرفراز احمد باقی دونوں فارمیٹس کے نائب کپتان ہونگے ، ہارون الرشید کو معین خان کی جگہ سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین بنا دیا گیا ، شہریار خان کا کہنا ہے کہ مصباح الحق اور شاہد آفریدی کی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے اور پاکستان کیلئے خدمات قابل قدر ہیں ، انہیں ایک بڑی تقریب میں رخصت کرینگے ، یونس خان نفیس آدمی ہے اچھا ہوا وہ ریٹائر نہیں ہوئے ، ہماری باؤلنگ کو دنیا نے تسلیم کیا جس کا کریڈٹ وقار یونس کو جاتا ہے ۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چےئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ مصباح الحق اورشاہد آفریدی کے ونڈے انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کے بعد خلا پیدا ہوگا،مصباح الحق اور شاہد آفریدی کی پاکستان کیلئے بہت خدمات ہیں،ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،دونوں کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب کریں گے،بڑی تقریب کرکٹ چھوڑنے پر ان کے اعزاز میں دی جائے گی۔

(جاری ہے)

مصباح الحق اور شاہد آفریدی رول ماڈل ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں کی پاکستان کرکٹ کو ضرورت پڑے گی،یونس خان ریٹائر نہیں ہورہے ہیں،وہ ٹیسٹ،ونڈے اور ٹی ٹونٹی کیلئے دستیاب ہیں،یونس خان نفیس آدمی ہیں ان کا کوئی جواب نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میں ہماری باؤلنگ لاجواب تھی دنیا نے مانا ہے اس کا کریڈٹ وقار یونس کو جاتا ہے،فٹنس اور بیٹنگ کے مسائل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم میں سپرٹ فٹنس اور ڈسپلن دیکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اظہر علی کو ون ڈے ٹیم کا کپتان بنا دیا گیا ہے،اظہر علی کا رویہ اورتمام چیزوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کپتان بنایا،دو سال سے ونڈے ٹیم میں نہیں کھیلے۔پینگولر کرکٹ ٹورنامنٹ میں ان کی کپتانی اور بیٹنگ اچھی تھی،اس کی کوئی ٹائم لمٹ نہیں ہے۔بنگلہ دیش ،سری لنکا،انگلینڈ اور بھارت کے ساتھ سیریز کھیلیں گے۔

سرفراز احمد کو نائب کپتان مقرر کردیا ہے۔مصباح الحق ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ہوں گے جبکہ نائب کپتان اظہر علی ہوں گے۔ٹی ٹونٹی کے کپتان شاہدآفریدی ہوں گے اور ٹی ٹونٹی کے نائب کپتان سرفراز احمد ہوں گے۔ہارون رشید سلیکشن کمیٹی کے چےئرمین ہونگے،اس کے ساتھ سلیم جعفر،اظہر خان،کبیر خان ممبران ہوں گے،سلیم جعفر بہت محنتی ہیں۔جونےئر سلیکشن کمیٹی وہی رہے گی بعد میں مشاورت کے بعد تبدیل کردی جائے گی،جونےئر کمیٹی کے چےئرمین باسط علی ہی رہیں گے