پاکستانی وفد سعودی عرب پہنچ گیا ، سعودی وزیر دفاع نے استقبال کیا، اگر سعودی عرب کی سالمیت کو خطرہ ہوا تو سعودی عرب کا دفاع کریں گے، وزیر دفاع

بدھ 1 اپریل 2015 08:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1اپریل۔2015ء)وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر وزیر دفاع خواجہ آصف کی سربراہی میں اعلیٰ سیاسی اور عسکری حکام پر مشتمل وفد سعودی عرب پہنچ گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیردفاع خواجہ آصف، مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور ائیرمارشل مجاہد سمیت اعلیٰ سیاسی اور عسکری حکام پر مشتمل 7 رکنی وفد راولپنڈی کی نورخان ایئر بیس سے خصوصی پرواز کے ذریعے ریاض پہنچا جہاں سعودی وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان السعود اور پاکستانی سفیر منظورالحق اور ڈپٹی ہیڈ آف مشن خیام اکبر نے وفد کا استقبال کیا۔

پاکستانی وفد سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی کرے گا جس میں مشرق وسطیٰ اور بالخصوص یمن کی صورتحال پر بات کی جائے گی جب کہ وفد وطن واپس آنے کے بعد وزیراعظم نواز شریف کو دورہ سعودی عرب سے متعلق رپورٹ پیش کرے گا۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے اسلام آباد ائیر پورٹ سے سعودی عرب خصوصی طیارے کے ذریعے روانگی سے قبل وزیر دفاع خواجہ آصف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مسلمہ دنیا میں انتشار کے خاتمے کا خواہاں ہے اور یمن کی صورت حال پر امن اور اتحاد سے تنازع کے حل کی حمایت کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہمارا برادرانہ اور مسلمہ امہ کادل کی حیثیت رکھتا ہے اگر سعودی عرب کی سالمیت کو خطرہ ہوا تو سعودی عرب کا دفاع کریں گے اور اس حوالے سے تمام وسائل فراہم کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :