تحریکِ انصاف الطاف حسین کے غنڈوں سے گھبرانے والی نہیں،عمران خان،عمران اسماعیل پر بزدلانہ حملہ سے تحریکِ انصاف اور پُر عزم ہو گئی ہے، کراچی میں فازشزام نہیں جمہوریت چاہتے ہیں، بیان

بدھ 1 اپریل 2015 08:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1اپریل۔2015ء) چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان نے کراچی میں ہونے والے عمران اسماعیل پر بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف الطاف حسین کے غنڈوں سے گھبرانے والی نہیں اورعمران اسماعیل پر بزدلانہ حملہ سے تحریکِ انصاف اور پُر عزم ہو گئی ہے۔مرکزی میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں اُنہوں نے کہا کہ الطاف حسین ملک کی مقبول ترین پارٹی کوملک بھرمیں موجود اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنے پر مجبور کر رہے ہیں۔

MQM کو اندازہ ہو چکا ہے کہ کراچی کے لوگ الطاف حسین کے خلاف ہیں۔آج الطاف حسین کے غنڈوں نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ کرا چی میں NA-246کا الیکشن ہار چکے ہیں۔ چیرمین تحریکِ انصاف کے مطابق اب الطاف حسین اور اُس کے غنڈوں کے پاس ڈرانے دھمکانے اور خوف پھیلانے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا۔

(جاری ہے)

تحریک ِ انصاف نے ایم کیو ایم اور کراچی کے عوام کو الطاف حسین اور اس کے دہشتگردوں سے آزاد کرنے کا اٹل فیصلہ کر لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک تھانہ دار کو معطل کرنے سے عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش نہ کی جائے، سندھ حکومت اور پولیس تحریکِ انصاف کو ایم کیو ایم کے شرپسند عناصر سے تحفظ دے۔ اگر سندھ پولیس نے تحریک ِانصاف کو اِن غنڈوں سے تحفظ نہ دیا تو اِس کا یہ مطلب ہو گا کہ سندھ کی پولیس اِن سے مِلی ہوئی ہے۔عمران خان نے الطاف حسین کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ اسلام آباد دھرنے پر نون لیگی تشدد نے تحریکِ انصاف کومزید متحرک اورمتحد کیا ۔

الطاف حسین نے بھی آج کراچی میں یہی غلطی دہرا دی ہے اور اب کراچی میں تحریکِ انصاف کی فتح کو کوئی نہیں روک سکتا۔ اُنہوں نے کراچی کے شہریوں کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے واقعہ کے بعد 19 اپریل کو گھروں سے باہر نکلیں اور الطاف حسین کی دہشت کے لنگڑاتے بُت کو توڑ دیں۔تحریک انصاف کراچی میں فازشزام نہیں جمہوریت چاہتی ہے۔