مالی باضابطگیا ں ،الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف سے بیرون ملک فنڈنگ کی تفصیلات طلب کرلیں ، چھ مئی تک بیرون ملک سے آنے والی تمام فنڈنگ کی الیکشن کمیشن میں رپورٹ جمع کروائینگے، وکیل پی ٹی آئی

جمعرات 2 اپریل 2015 02:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 اپریل۔2015ء)الیکشن کمیشن نے مالی باضابطگیوں سے متعلق درخواست پر پاکستان تحریک انصاف سے بیرون ملک فنڈنگ کی تفصیلات طلب کرلی ہیں ۔بدھ کے روز الیکشن کمیشن نے اکبر شیر بابرکی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف سے مالی بے ضابطگیوں کے حوالے سے بیرون ملک سے آنے والی تمام فنڈنگ کی تفصیلات طلب کرلی ہیں درخواست کی سماعت چھ مئی تک ملتوی کردی ۔

(جاری ہے)

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی پی ٹی آئی کے سابق نائب صدر اکبر ایس بابر نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف میں بیرون ملک سے آنے والی رقم میں بے انتہا کرپشن کی گئی ہے الیکشن کمیشن نے بیرون ملک سے آنے والی تمام فنڈنگ سے متعلق تفصیلات چھ مئی تک طلب کرلی ہیں جس پر تحریک انصاف کے وکیل شاہین ایڈووکیٹ نے یقین دلایا ہے کہ وہ چھ مئی تک بیرون ملک سے آنے والی تمام فنڈنگ سے متعلق الیکشن کمیشن میں رپورٹ جمع کروائینگے ۔