مریدکے، بااثر چودھری کی طرف سے خواتین کے کپڑے پھاڑنے کا واقعہ ڈرامہ نکلا،پولیس تفتیش کے دوران معاملہ سگے بھائیوں کے درمیان چند مرلہ زمین کا تنازعہ نکلا

جمعرات 2 اپریل 2015 03:09

مریدکے(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 اپریل۔2015ء)تھانہ صدر کے نواحی علاقہ پنڈی رتن سنگھ میں بااثر چودھری کی طرف سے خواتین کے کپڑے پھاڑنے کا واقعہ ڈرامہ نکلا۔ پولیس کی تفتیش کے دوران معاملہ دو سگے بھائیوں کے درمیان چند مرلہ زمین کے تنازعہ کا نکلا۔ علاقہ مکینوں کا جھوٹی کاروائی کے خلاف احتجاج اور خاندان کی خواتین کو بے توقیر کرانے والے افراد کے خلاف کاروائی کا مطالبہ۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ پنڈی رتن سنگھ کے دو سگے بھائیوں 70سالہ امیر علی اور 65سالہ شبیر علی کے درمیان چند مرلے کے رہائشی مکان کا تنازعہ پیدا ہو گیا جسے بعض افراد نے غلط انداز میں پیش کرتے ہوئے بڑے بھائی امیر علی کو بااثر چودھری قرا ر دیتے ہوئے شراب کے نشے میں دھت ہو کر اپنے بھائی کی بیوی کے کپڑے پھاڑ کر اسے بچوں کے سامنے بے توقیر کر نے کا الزام عائد کیا۔

تھانہ صدر مریدکے پولیس نے چوکی کٹھیالہ ورکاں کی مدد سے تفتیش کی تو پورا واقعہ دو سگے بھائیوں کے درمیان چند مرلے کے رہائشی مکان کی تقسیم پر ہونے والے اختلافات کا نتیجہ نکلا جس پر بعض افراد نے اسے من گھڑت انداز میں بیان کرتے ہوئے باپردہ خواتین کی عزت اچھالنے کی کوشش کی۔ اہل علاقہ نے گاوٴں کو بدنام کرنے والے عناصر کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے

متعلقہ عنوان :