نوجوانوں کے کام نہ آسکو تو زندگی کا کوئی مقصد نہیں، مریم نواز،وزیراعظم ہنر مند پاکستان پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو تربیت دے کر روزگار فراہم کرنا ہے۔ یوتھ ٹریننگ پروگرام کا جلد آغاز کردیا جائے گا 12/ ہزارر وپیہ ماہانہ وظیفہ بھی ملے گا۔ نئی نسل سے رابطوں کیلئے کسی عہدے کی ضرورت نہیں،تقریب سے خطاب

ہفتہ 18 اپریل 2015 09:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18 اپریل۔2015ء) وزیراعظم پاکستان کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ نوجوانوں کے کام نہ آسکو تو زندگی کا کوئی مقصد نہیں وزیراعظم ہنر مند پاکستان پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو تربیت دے کر روزگار فراہم کرنا ہے۔ یوتھ ٹریننگ پروگرام کا جلد آغاز کردیا جائے گا 12 ہزارر وپے ماہانہ وظیفہ بھی ملے گا۔ نئی نسل سے رابطوں کیلئے کسی عہدے کی ضرورت نہیں۔

جمعہ کے روز ہنر مند پاکستان کے تحت تربیت پانے والوں کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنی انتخابی مہم کے دوران ملک کے نوجوانوں کو روزگار دینے کا وعدہ کیا تھا اور مسلم لیگ ن کی حکومت قائم ہوتے ہی وزیراعظم نے نوجوانوں کیلئے کام شروع کردیا انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا خواب ہے کہ نوجوان نسل اپنے خاندان کا بوجھ اٹھانے کے قابل ہوجائے اور وزیراعظم ہنر مند پاکستان سکیم کا مقصد نوجوانوں کو تربیت دے کر روزگار مہیا کرنا تھا اس پروگرام کے تحت 25 ہزار طلباء نے تربیت حاصل کی ہے خواہش ہے کہ یہ تعداد 25 لاکھ ہو تربیت پانے والوں کو روزگار بھی مل گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معذور افراد نے قرض لے کر اپنے روزگار کا آغاز کیا موجودہ حکومت کی معاشی پالیسی کے باعث قومی معیشت بحال ہوئی اور مہنگائی کی شرح گزشتہ دس سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہے مریم نواز نے کہا کہ حکومت لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کیلئے دن رات کوششیں کررہی ہے اور بجلی کے منصوبوں پر کام جاری ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی بھرپور کوشش ہے کہ نوجوانوں کو معاشی طور پر خود مختار بنایا جائے حکومت طلباء کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کا پروگرام اس سال بھی جاری ر کھے گی طلباء اور نئی نسل سے تعلق قائم رہے گا کسی عہدے کی ضرورت ہے ملک کے نوجوانوں کی خدمت کرنا میرے لیے باعث فخر ہے مجھے اپنے بچوں کی تعلیم پر اتنی خوشی نہیں ہوئی جتنی آج ہورہی ہے انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے طلباء کیلئے تعلیمی وظیفہ تین ہزار روپے ماہانہ کردیا گیا ہے جبکہ یوتھ ٹریننگ پروگرام شروع کیا جارہاہے جس کے تحت پچاس ہزار طلباء کو سالانہ تربیت دی جائے گی اور ہر طالب علم کو ماہانہ بارہ ہزار روپے دیئے جائیں گے مدارس میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کیلئے بھی پروگرام شروع کیا جارہا ہے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے نوجوانوں کیلئے بھی پروگرام ہوگا۔

مریم نواز نے سکیم کے تحت تربیت پانے والوں میں اسناد بھی تقسیم کیں۔