مشترکہ توانائی ورکنگ گروپ کا اجلاس جلد ہوگا،پاک امر یکہ اتفاق ،وزیر خزانہ سے امریکی نائب وزیر خارجہ کی ملاقات،پاک امریکہ تعلقات ،دہشت گردی اور خطے میں امن وامان کی صورت حال پر تبادلہ،نائب امریکی وزیر خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف پاکستانی کاوشوں کو سراہا،پاکستان میں تجارت کے فروغ اور توانائی کے شعبے میں تعاون کو بڑھائیں گے،انتھونی بلنکن

اتوار 19 اپریل 2015 08:48

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19 اپریل۔2015ء)پاکستان اور امریکہ نے مشترکہ توانائی ورکنگ گروپ کا اجلاس جلد بلانے پر اتفاق کیا ہے جبکہ امریکہ نے پاکستان میں توانائی کے شعبے میں میں تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کرادی ہے۔ ہفتہ کے روز وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے امریکی نائب وزیر خارجہ انتھونی بلنکن سے ملاقات کی ہے جس میں پاک امریکہ تعلقات، دہشت گردی ،خطے میں امن وامان اور سکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے،وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں اور توانائی کے شعبے میں اضافے اور اصلاحات پر عمل درآمد یقینی بنارہی ہے اور ملک کو سرمایہ کاری کے شعبے میں پرکشش بنایا جارہا ہے جبکہ ملک میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب جاری ہے اور اس آپریشن میں حکومت پاکستان کو کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں،انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر امریکہ کے نائب وزیر خارجہ نے پاکستان کی دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں اور کامیابیوں کو سراہا ہے ،انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان میں تجارت کے فروغ کا خواہاں ہے اور توانائی کے شعبوں میں مزید تعاون اور سرمایہ کاری کرنے کا خواہاں ہے اور اس حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ توانائی ورکنگ گروپ کا اجلاس جلد بلایا جائیگاجس پر وزیر خزانہ نے امریکی فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات مضبوط ہیں اوردونوں ممالک کے درمیان تجارت اور تواانائی کے شعبے میں تعاو ن سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط اور مستحکم ہوں گے اس ملاقات میں پاکستان کے امریکہ میں سفیر جلیل عباس اور سیکرٹری فنانس وقار مسعود بھی موجود تھے