پاکستان کا نہتے کشمیریوں پر بھارتی افواج کی جانب سے طاقت کے استعمال شدید تشویش کا اظہار، بھارتی فوج کی جانب سے کشمیریوں کی پرامن ریلی پر طاقت استعمال ریاستی دہشت گردی اور قابل مذمت ہے،تسنیم اسلم، بھارت نہتے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو طاقت کے ذریعے ختم نہیں کر سکتا ،خطے میں امن کے لئے مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے ،ترجمان دفتر خارجہ

پیر 20 اپریل 2015 06:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20 اپریل۔2015ء)پاکستان نے نہتے کشمیریوں پر بھارتی افواج کی جانب سے طاقت کے استعمال کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اتوار کے روز دفتر خارجہ سے جاری بیان میں ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے کشمیریوں کی پرامن ریلی پر طاقت استعمال ریاستی دہشت گردی ہے اور قابل مذمت ہے کشمیری نوجوانوں کی ہلاکت اور حریت رہنماؤں پر جھوٹے مقدمات پر پاکستان کو شدید تحفظات ہیں مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر طاقت کا استعمال انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت نہتے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو طاقت کے ذریعے ختم نہیں کر سکتا پاکستان نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بامقصد مذاکرات پر زور دیا ۔

(جاری ہے)

پاکستان خطے میں امن کے لئے مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنا چاہتا ہے ۔ تحریک آزادی کشمیر میں پاکستان کشمیریوں کی سیاسی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا انہوں نے کہا ہے کہ پاکستانی حکومت اور پاکستانی قوم کشمیریوں کے جذبہ آزادی اور ہمت کو سلام پیش کرتے ہیں اور کشمیریوں سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارتی فوج کے تشدد سے کشمیری جوانوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتا ہے اور لواحقین سے مکمل اظہار ہمدردی کا بھی کرتا ہے اور کشمیریوں جوانوں کو تشدد کے ذریعے شہید کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے ۔