پاکستان میں چین کی46 ارب ڈالر مالیت کی سرمایہ کاری پرپوری دنیا حیران ہے، 2017ء کے اختتام تک دس ہزار چارسومیگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل کی جائے گی،شہباز شریف، کوئلے سے چلنے والے بجلی گھروں کے قیام کے دوران ماحولیات سے متعلق اصولوں کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا، این ٹی ڈی سی اور چینی کمپنی میں قائداعظم سولرپارک سے900میگاواٹ شمسی توانائی کی فراہمی کیلئے ترسیلی لائن کو بہتر بنانے کا معاہدہ طے،وزیر اعلیٰ پنجاب کی چینی سرمایہ کار وفود سے مری میں ملاقاتیں

پیر 20 اپریل 2015 06:19

مری(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20 اپریل۔2015ء)وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان میں چین کی46 ارب ڈالر مالیت کی سرمایہ کاری پرپوری دنیا حیران ہے، 2017ء کے اختتام تک دس ہزار چارسومیگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل کی جائے گی، کوئلے سے چلنے والے بجلی گھروں کے قیام کے دوران ماحولیات سے متعلق اصولوں کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا جبکہ نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی اور چین کی ایک کمپنی نے ترسیلی لائن کو بہتر کیلئے معاہدے پر دستخط بھی کر دیئے ہیں۔

چین کے سرمایہ کاروں کے ایک گروپ نے وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف سے اتوار کو مری میں ملاقات کی۔انہوں نے توانائی کے شعبے میں تعاون کوفروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہاکہ پاکستان میں چین کی چھیالیس ارب ڈالر مالیت کی سرمایہ کاری پرپوری دنیا حیران ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ 2017ء کے اختتام تک دس ہزار چارسومیگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل کی جائے گی۔

چین کے سرمایہ کاروں نے ہرآزمائش پر پوری اترنے والی پاک چینی دوستی کو مزید مستحکم بنانے کیلئے وزیراعلی پنجاب کے شاندار کردارکو سراہا۔اس سے قبل شنگھائی الیکٹراک کارپوریشن چائنہ اینڈ گلوبل مائننگ کمپنی کے وفد نے بھی آج مری میں وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہاکہ پاکستان کے عوام ملک کو درپیش توانائی کے بحران پر قابوپانے کیلئے چین کی طرف سے فراہم کیے جانے والے غیرمعمولی تعاون کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

انہوں نے کہاکہ کوئلے سے چلنے والے بجلی گھروں کے قیام کے دوران ماحولیات سے متعلق اصولوں کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔دریں اثناء نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی اور چین کی ایک کمپنی نے ترسیلی لائن کو بہتر بنانے پراتفاق رائے بھی طے پاگیا۔دونوں فریقین کے درمیان معاہدے کی دستاویزات کاتبادلہ آج مری میں ہوا۔پنجاب کے وزیراعلی محمد شہبازشریف اس موقع پر تقریب میں موجود تھے۔ معاہدے کے تحت قائداعظم سولرپارک سے900میگاواٹ شمسی توانائی کی فراہمی کیلئے ترسیلی لائن کو بہتر بنایاجائے گا۔اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاکہ ترسیلی لائن کو بہتر بنانے کاعمل سولرپارک سے بجلی کی پیداوار سے پہلے فوری بنیادوں پر مکمل کیاجائے گا۔