پاکستان اورچین کے درمیان 45ارب ڈالرسے زائد51معاہدوں اورمفاہمت کی یادداشتوں پردستخط ،معاہدوں پردستخط کی تقریب میں چینی صدرشی چنگ پنگ اوروزیراعظم نوازشریف کی شرکت ،دونوں رہنماؤں نے جھلملاتے گلاب پرہاتھ رکھ کر5منصوبوں کاافتتاح کیااور8منصوبوں کی نقاب کشائی بھی کی،پاکستان اور چین کا تجارتی حجم 20ارب ڈالر تک بڑھانے ، معاشی عدم توازن کے خاتمے ، دہشتگردی کیخلاف تعاون کو فروغ سمیت مختلف اہم نکات پر اتفاق،خطے میں امن واستحکام افغانستان کی صورتحال سے منسلک ہے، دونوں ممالک کا افغان عوام پرمشتمل مفاہمتی عمل کی حمایت کے عزم کااعاد، پاک چین مذاکرات کا مشترکہ اعلامیہ جاری

منگل 21 اپریل 2015 08:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21 اپریل۔2015ء)پاکستان اورچین کے درمیان 45ارب ڈالرسے زائد مالیت کے 51معاہدوں اورمفاہمت کی یادداشتوں پردستخط ہوگئے ،معاہدوں پردستخط کی تقریب میں چین کے صدرشی چن ینگ اوروزیراعظم محمد نوازشریف نے شرکت کی ۔چینی صدراوروزیراعظم نے جھلملاتے گلاب پرہاتھ رکھ کر5منصوبوں کاافتتاح کیااور8منصوبوں کی نقاب کشائی بھی کی ۔

مشیرخارجہ سرتاج عزیز،احسن اقبال اوراسحاق ڈارنے چینی وزیرخارجہ کے ساتھ معاہدوں پردستخط کئے ،چین اورپاکستان کے درمیان جن معاہدوں پردستخط کئے گئے ان میں اقتصادی راہداری کے مشترکہ تعاون کمیٹی کے چوتھے اجلا س کے انعقاد،کراچی اورلاہورموٹروے کی تعمیرکی مفاہمتی یادداشت ،گوادرنواب شاہ ایل این جی ٹرمینل اورپائپ لائن منصوبے کافریم ورک شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک کے حکام نے گوادرہسپتال ،ڈیجیٹل ٹریٹری میڈیابراڈکاسٹ ایف ایم 98دوستی چینل معاہدوں پردستخط کئے گئے ۔چین اورپاکستان کے درمیان منشیات کی روک تھام کامعاہدہ بھی طے پایا۔51معاہدوں میں سے 30کاتعلق اقتصادی راہداری سے ہے پاکستان اورچین کاہوا،کوئلے اورپانی سے 9ہزارمیگاواٹ سے زائدکے منصوبے شروع کرنے کے معاہدوں ،مفاہمتی یادداشتوں پردستخط کئے گئے ۔

ریلوے کی ترقی اورائیرلائنزمیڈیا،بینکاری گوادرمیں ائیرپورٹ کی تعمیرکے منصوبوں پربھی دستخط کئے گئے۔ادھرچینی صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان اور سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتوں کے بعد 20نکاتی مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے ،اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان تجارتی حجم 20ارب ڈالر تک بڑھانے سے باہمی تجارت میں معاشی عدم توازن کے خاتمے ، دہشتگردی کیخلاف باہمی تعاون کو فروغ دینے سمیت مختلف اہم نکات پر اتفاق کیا گیا ،پاک چین دوستی نسل درنسل جاری رہے گی ،اعلامیے کے مطابق چین کے تعاون سے میری ٹائم سائنٹیفک ریسرچ سنٹر قائم کرنے دہشتگردی کیخلاف باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ۔

مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے چین کے تعاون سے شاہراہ ریشم کی تعمیر اور پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبوں کیلئے اس کے استعمال کا خیر مقدم کیا۔۔دونوں فریقوں نے یقین ظاہر کیا کہ سلک روڈ اکنامک بیلٹ اور 21 ویں صدی کے میری ٹائم سلک روڈ اقدامات جنوبی ایشیا میں علاقائی تعاون کا ایک نیا ماڈل پیش کرتے ہیں۔انہوں نے دفاع اور بحریہ میں تعاون مزید بڑھانے ' اعلیٰ سطح کے دورے جاری رکھنے اور دونوں ملکوں کی مسلح افواج کے درمیان متعلقہ شعبوں میں مختلف سطحوں کے وفود کے تبادلوں پر بھی اتفاق کیا۔

انہوں نے ہتھیاروں کے کثیر الجہتی غیر امتیازی کنٹرول اور عدم جوہری پھیلاؤ کے اپنے عزم کا اعادہ کیا انہوں نے انپے دوطرفہ اور کثیر الجہتی عزم کے مطابق جوہری توانائی کے بین الاقوامی ادارے کے اصولوں کے تحت سول جوہری توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ' چین نے جوہری عدم پھیلاؤ کے عالمی نظام کو قومی دھارے میں لانے کے لئے پاکستان کی طرف سے کیے گئے اقدامات کی تعریف اور حمایت کی۔

اس سلسلے میں چین نے نیو کلیئر سپلائرز گروپ کے ساتھ پاکستان کے مذاکرات کا خیرمقدم کیا۔دونوں ممالک نے سپین ٹیکنالوجی ،ٹیلی مواصلات،قدرتی آفات،غذائی تحفظ،سماجی اوراقتصادی شعبوں میں بھی تعاون پراتفاق کیا۔دونوں ممالک نے مشترکہ مفادکے حامل علاقائی اورعالمی امورپرتعاون کومزیدمضبوط بنانے کابھی فیصلہ کیااس بات پربھی اتفاق ہواکہ امن مستحکم اورخوشحال جنوبی ایشیاکے مفادمیں ہے ۔دونوں ممالک خطے میں خوشحالی اورترقی کے لئے اپناکردارجاری رکھیں گے ۔دونوں ممالک میں اس بات پربھی اتفاق کیاگیاکہ خطے میں امن واستحکام افغانستان کی صورتحال سے منسلک ہے دونوں ممالک نے افغان عوام پرمشتمل مفاہمتی عمل کی حمایت کے عزم کااعادہ کیا