عوام 23اپریل کو کسی دباؤ میں آئے بغیر اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں،سراج الحق23اپریل کا سورج کراچی اور اہل پاکستان کے لیے تبدیلی اور انقلاب کا سورج ثابت ہوگا ،عوام فیصلہ کرلیں تو دہشت گردوں اور بھتہ خوروں کو امریکہ سمیت کوئی طاقت شکست سے نہیں بچاسکتی، ہماری جنگ غربت ،بھوک ،بیروزگاری ، مہنگائی اور دہشت گردی کے خلاف ہے، NA-246میں جماعت اسلامی کے امیدوار راشد نسیم کی انتخابی مہم کے سلسلے میں عوامی و فیملی ریلی سے خطاب

منگل 21 اپریل 2015 08:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21 اپریل۔2015ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام 23اپریل کو کسی دباؤ میں آئے بغیر اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں اور شہر سے دہشت گردی اور بھتہ خوری کے خاتمے کے لیے تبدیلی کے عمل کا آغاز کریں ۔23اپریل کا سورج کراچی اور اہل پاکستان کے لیے تبدیلی اور انقلاب کا سورج ثابت ہوگا ،عوام فیصلہ کرلیں تو دہشت گردوں اور بھتہ خوروں کو امریکہ سمیت کوئی طاقت شکست سے نہیں بچاسکتی ۔

انسان چاند پر جاچکا ہے اور اب مریخ پر جانے کی تیاریاں کررہا ہے لیکن کراچی کے عوام کو پانی میسر نہیں ، ہم مظلوموں اور محروموں کے ساتھ ہیں ہماری جنگ غربت ،بھوک ،بیروزگاری ، مہنگائی اور دہشت گردی کے خلاف ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے NA-246میں جماعت اسلامی کے امیدوار راشد نسیم کی انتخابی مہم کے سلسلے میں نصیر آباد شاہراہ پاکستان پر ایک بڑی عوامی و فیملی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ریلی سے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور NA-246کے نامزد امیدوار راشد نسیم ، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو ، امیر جماعت اسلامی سندھ معراج الہدی صدیقی ،امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ،ضلع غربی کے امیر عبدالرزاق ،ن لیگ کے رہنما سینیٹر سلیم ضیاء ، جے یوپی (نورانی )کے رہنما قاضی احمد نورانی ،نے بھی خطاب کیا ۔

قبل ازیں سراج الحق کی قیادت میں واٹر پمپ سے ریلی کا آغا ز ہوا اور ریلی عائشہ منزل،کریم آباد سے ہو تی ہوئی نصیر آباد پر مرکزی کیمپ پر اختتام پذیر ہوئی ۔ ریلی کے شرکاء بڑی تعداد میں موٹر سائیکلوں اور مختلف گاڑیوں میں سوار تھے ریلی میں شریک افراد اپنی فیملی کے ہمراہ شریک تھے ،جن میں خواتین اور بچے بھی موجود تھے ۔ ریلی کے شرکاء کے اندر زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا اور نوجوانوں نے پرجوش لگائے ۔

راستے میں جگہ جگہ سراج الحق اور دیگر قائدین کا شاندار استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ، ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں جماعت اسلامی کے جھنڈے اور انتخابی نشان ترازو کے بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے ۔سراج الحق نے کہا کہ آج کی یہ عظیم الشان ریلی حلقہ 246کے عوام کا فیصلہ ہے ، یہ کوئی میوزیکل شو نہیں ہے بلکہ تکبیر کے نعروں اور درود وسلام کے ساتھ بابرکت جدوجہد کا حصہ ہے ، ہماری یہ جدوجہد ایم کیو ایم سے پہلے بھی جاری تھی یعنی ہماری جدوجہد کسی تنظیم کے خلاف نہیں بلکہ ہم نبی کریم ﷺ کی سنت اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں ، ہم نفرت کو ختم کرکے محبت اور اخوت کا پیغام عام کرنا چاہتے ہیں ،ہماری جنگ غربت ،بھوک ،بیروزگاری ، مہنگائی اور دہشت گردی کے خلاف ہے،ہم سوال کرتے ہیں کہ بلدیہ کی فیکٹری میں 259مزدوروں کو کس نے جلایا؟ ، 9اپریل کو وکلا کو زندہ کس نے جلایا ؟ ہم مطالبہ کرتے ہیں ایک جوڈیشل کمیشن بنایا جائے جو دہشت گردی کے واقعات کی تحقیقات کرے ۔

انہوں نے کہا کہ اجمل صدیقی کو کس نے پہاڑی بنایا ،قاتل بنایا ، فیصل کو فیصل موٹا کس نے بنایا؟ ہم تو چاہتے ہیں کہ الطاف حسین صاحب کی بیٹی بھی کراچی آجائیں ،الطاف حسین صاحب بھی کراچی واپس آجائیں ۔ انہوں نے کہاکہ عوام ٹیکس دیتے ہیں ،ووٹ دیتے ہیں لیکن عوام سے ٹیکس لینے والے اور ووٹ لینے والے عوام کو بھول جاتے ہیں ،یہ ووٹ ایک امانت ہے اور بڑی طاقت ہے ،کراچی کے عوام 23اپریل کو سچی گواہی دے دیں اور اس طاقت سے اپنے حالات کو تبدیل کرنے کی کوشش کریں ۔

انہوں نے کہاکہ الطاف حسین نے اسٹیبلشمنٹ سے معافی مانگی، ہم سوال کرتے ہیں کہ آپ نے کن جرائم کی معافی مانگی ہے ؟کیا سانحہ بلدیہ میں259 مزدوروں کو زندہ جلانے کی معافی مانگی ہے ؟ کیا شہر میں ہونے والے ہزاروں قتل کی معافی مانگی ہے؟ ۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ دہشت گردوں سے نجات حاصل کی جائے اور عوام اگر فیصلہ کر لیں تو امریکہ سمیت کوئی طاقت انہیں شکست سے نہیں بچا سکتی ۔

یہ کراچی کے عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئندہ نسلوں کے لئے کیسا کراچی چھوڑنا چاہتے ہیں۔ 24اپریل کا سورج کراچی اور اہل پاکستان کے لئے ایک تبدیلی اور انقلاب کا سورج ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سندھی ‘پنجابی‘بلوچی‘پٹھان اور مہاجر کسی کی آپس میں کوئی لڑائی نہیں ہے۔ یہ ظالموں کا طریقہ ہے کہ وہ مظلوموں کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔

وہ کہیں زبان کی بنیاد پر، کہیں مسلک اور علاقے کی بنیاد پر تقسیم کر کے اپنی حکمرانی قائم کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انسان چاند تک جا چکا ہے اور مریخ کی طرف جانے کی تیاریاں کر رہا ہے لیکن کراچی میں عوام کو پانی تک میسر نہیں ہے۔ کراچی آپریشن تھیٹر میں ہے ہم اسے آپریشن تھیٹر سے نکالنا چاہتے ہیں ۔ ہم کراچی کو پرامن شہر بنانا چاہتے ہیں۔

مظلوموں کے ساتھ ظلم اور زیادتی نہ ہو۔ مظلوم عوام کو ووٹ کی طاقت سے ظلم اور ظالم کا مقابلہ کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ میں ایم کیو ایم کے ورکرزسے کہتا ہوں جنہوں نے برسوں ان کا ساتھ دیا ہے۔ صولت مرزا نے ان سے کہا ہے کہ وہ اب اپنی آنکھیں کھولیں اور ایم کیو ایم کا ساتھ نہ دیں۔ عوام کسی دباؤ کے بغیر23اپریل کو ووٹ کا حق استعمال کریں اور شہر میں تبدیلی کے عمل کا آغاز کریں۔

راشد نسیم نے کہا کہ 23اپریل کو انشاء اللہ 28سالہ مظالم کا سورج غروب ہو جائے گا اور 24اپریل کو جو سورج طلوع ہو گا وہ کراچی کے لئے خوشیوں اور تبدیلی کا پیغام لے کر طلوع ہو گا۔ دہشت گردی‘ بھتہ خوری اور خوف ختم ہو جائے گا۔ ایم کیو ایم کئی بار اقتدار میں آئی لیکن خود اپنے رہنماؤں کے قاتلوں کو گرفتار نہ کر سکی۔ ہم متحدہ کے رہنماؤں کے قاتلوں کو بھی گرفتار کریں گے اور مقتولین کے ورثاء کو بھی انصاف دلوائیں گے۔

اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ آج کی ریلی اس بات کا ثبوت ہے کہ ترازو جیت چکی ہے اور راشد نسیم کامیاب ہوگئے ہیں ،عوام کے مینڈیٹ کو اب چرایا نہیں جاسکتا ،عوام بھتہ خوری اور دہشت گردی کا خاتمہ چاہتے ہیں اور انشاء اللہ 23اپریل کو عوام اپنا ووٹ ترازو کے حق میں ڈال کر کامیابی پر مہر تصدیق ثبت کردیں گے ۔ ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی نے کہا کہ ملک میں صرف ایک قائد ہے جو نوجوانوں کے ساتھ ہے جو عوام سے محبت کرتا ہے ، چاہے اسلام آباد میں آگ لگی ہو یا چاہے بلوچستان کا مسئلہ ہوسراج الحق وہ قائد ہے جو سرگرم عمل ہوجا تا ہے ، کراچی میں ہزاروں نوجوانوں کی لاشیں گرائیں گئی ہیں ، نوجوانوں کی زندگیاں تباہ ہوئیں ہیں ،سراج الحق ان نوجوانوں کے لیے تعمیر و ترقی اور حالات کی تبدیلی کا پیغام لے کرآئیں ہیں ،سراج الحق کراچی کو فتح کرنے نہیں بلکہ عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے آئے ہیں ۔

سراج الحق ،رابطہ کمیٹی والوں ،فاروق ستار اور حیدر عباس رضوی کے لیے بھی محبت کا پیغام لیکر آئیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ ایک گواہی ہے اس کے ذریعے بڑی تبدیلی بھی لائی جاسکتی ہے ، سراج الحق شہر کراچی کے عوام کو پر امن کراچی کا پیغام دینے آئے ہیں ۔23اپریل کو بہنیں بھی نکلیں گی، بھائی بھی نکلیں گے ،سب نکلیں گے اور ترازو کے نشان پر مہر لگائیں گے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ NA-246کا انتخاب آپ نے اپنے عزم سے جیت لیا ہے ،سراج الحق نے این اے 246میں بار بار آمد سے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ کراچی کے عوام کے ساتھ ہیں ۔ ہم گولی کے مقابلے میں گولی لیکر نہیں آرہے بلکہ ہمارا عزم ہے اور صبر واستقامت سے ہم حالات کا مقابلہ کریں گے ،ہم دہشت گردی کو امن و محبت سے بدلیں گے ،شہر میں حالات تبدیل کرکے رہیں گے ۔

سینیٹر سلیم ضیاء نے جماعت اسلامی کے امیدوار راشد نسیم کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں اور کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے دہشت گردی اور بھتہ خوری کے خلاف آواز بلند کی ہے اور امن کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ آپ جس عزم اور حوصلے کے ساتھ میدان عمل میں موجود ہیں کامیابی ضروری آپ کے قدم چومے گی۔ قاضی احمد نورانی نے جے یو پی (نورانی ) کی طرف سے راشد نسیم کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں ایک بار پھر موقع ملا ہے کہ شہر کے اصل تشخص کو بحال کیا جائے اور شہر کی روشنیاں بحال کی جائیں ۔ عبدالرزاق نے کہا کہ آج کی ریلی نے یہ ثابت کردیا ہے کہ 23تاریخ کو بھتہ خوروں کو شکست ہوگی ۔