پاکستان اور چین امن ،ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ ہدف کیلئے ملکر کام کرینگے، نواز شریف،چینی عوام ہمارے دلوں کے بہت قریب ہیں ،ہمارے پہاڑ ،دریا ،دماغ اور روح آپس میں جڑے ہوئے ہیں، دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے مشترکہ کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت ہے اقتصادی راہداری دونوں ملکوں کی مشترکہ منصوبہ ہے،منصوبے سے خطے میں خوشحالی آئے گی ،پاکستان ایشین ٹائیگر کا خواب پورا کریں گے،وزیر اعظم کا مشترکہ اجلاس سے خطاب

بدھ 22 اپریل 2015 04:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22 اپریل۔2015ء)وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین نے خطے میں خوشحالی ،ترقی اور امن کیلئے مشترکہ اہداف کیلئے مل کرکام کریں گے ،چینی عوام ہمارے دلوں کے بہت قریب ہے ،ہمارے پہاڑ ،دریا ،دما غ اور روح آپس میں جڑے ہوئے ہیں ، پارلیمنٹ کیلئے آج بڑا دن ہے، آج ہم ایک عظیم دوست اورعظیم قوم کے رہنما کا استقبال کیا ہے، پاکستان اور چین مل کر دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کام کریں گے۔

منگل کے روز وزیرا عظم نواز شریف نے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے باعث اعزاز ہے کہ آج ہم نے ایک عظیم رہنما کی میزبانی کی ہے،چینی صدر شی چن پنگ جتنے اپنے ملک میں مقبول ہیں اتنے ہی پاکستان میں مقبول ہیں،پارلیمنٹ کیلئے آج بڑا دن ہے۔

(جاری ہے)

چینی صدر کی آمد کے شکر گزار ہیں،وزیر اعظم نے چینی صدر کی طرف دیکھ کر مخاطب ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کے خصوصی مہمان ہیں،ہم جانتے ہیں کہ چین کو پاکستان سے گہرا لگاؤ ہے،پاکستان کے تمام سیاسی رہنماؤں کا چین کے بارے میں یکساں موقف ہے۔

چینی عوام ہمارے دل کے بہت قریب ہیں۔پاکستان اور چین ملکر دہشتگردی ختم کریں گے، وزیر اعظم نے کہا کہ چین کی سکیورٹی پاکستان کی سکیورٹی ہے،پاکستان اور چین حقیقی معنوں میں آئرن برادر ہیں۔اقتصادی راہداری منصوبے پرتیزی سے کام ہورہا ہے۔چینی صدر کا دورہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے ،پاکستان میں توانائی بحران پرقابو پانے کیلئے چینی کوششوں کی تعریف کرتے ہیں،اقتصادی راہداری دونوں ملکوں کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔

اقتصادی راہداری سے پاکستان کے تمام علاقے مستفید ہوں گے،پاکستان اور چین امن ،ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ ہدف کیلئے مل کرکام کریں گے۔وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر ایک چین پالیسی کی حمایت جاری رکھے گا۔ ہم دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے ایک ساتھ مل کر لڑیں گے، اس سلسلے میں ہمیں مشترکہ کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری دونوں ملکوں کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے جس پر تیزی سے کام ہورہا ہے ، پاکستان میں توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے چینی کوششوں کی تعریف کرتے ہیں۔