”تیر نشانے پر نہ لگے…شیربلے کا شکار کر گیا “، کنٹونمنٹ بورڈز انتخابات ، مسلم لیگ ن نے میدان مار لیا،ملک بھرکے 42کنٹونمنٹ بورڈکی 199نشستوں پرن لیگ 68،آزاد55،تحریک انصاف 42نشستیں لے گئی،ایم کیوایم 19،پیپلزپارٹی7،جماعت اسلامی 6نشستیں حاصل کرسکی، جیتنے والوں کے بھنگڑے، مٹھائیاں تقسیم

اتوار 26 اپریل 2015 04:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26 اپریل۔2015ء)ملک بھرکے 42کنٹونمنٹ بورڈکی 199نشستوں پرمسلم لیگ ن نے میدان مارلیا،ن لیگ 68آزاد55،تحریک انصاف 42نشستیں لے گئی،ایم کیوایم 19،پیپلزپارٹی7،جماعت اسلامی 6نشستیں حاصل کرسکی۔ہفتہ کے روز42کنٹونمنٹس بورڈکی 199نشستوں پربلدیاتی انتخابات17سال کی طویل مدت کے بعدہوئے ،ان انتخابات میں پنجاب کے 26کنٹونمنٹ بورڈکی 114نشستوں پرمقابلہ ہوا،راولپنڈی کی 20نشستوں پرمسلم لیگ ن نے 19اورجماعت اسلامی نے ایک نشست پرکامیابی حاصل کی ۔

واہ کینٹ کی 10نشستوں میں پاکستان تحریک انصاف نے 6اورمسلم لیگ ن نے 4نشستیں لیں ،ٹیکسلاکی دونوں نشستوں پرتحریک انصاف کے امیدوارنے کامیابی حاصل کی ،مری کی 2نشستوں میں ایک مسلم لیگ ن اورایک پرتحریک انصاف نے کامیابی حاصل کی ۔

(جاری ہے)

سنجوال میں مسلم لیگ ن اورتحریک انصاف نے ایک ایک نشست حاصل کی ۔اٹک کی دونوں نشستوں پرآزادامیدوارکامیاب ہوئے ،کامرہ کی دونشستوں میں سے مسلم لیگ ن اورتحریک انصاف نے ایک ایک نشست لی ۔

جہلم میں مسلم لیگ ن نے دونشستوں پرکامیابی حاصل کی ۔لاہورکی 20میں سے 15نشستیں مسلم لیگ ن نے سمیٹ لیں ۔جبکہ 5نشستیں تحریک انصاف کے حصہ میں آئیں پنجاب کی کل 114نشستوں میں سے مسلم لیگ ن نے 64نشستوں پرکامیابی حاصل کی ،تحریک انصاف نے 29نشستوں پرکامیابی 20آزادامیدوارکامیاب ہوئے ایک نشست جماعت اسلامی کے حصے میں آئی ۔سندھ سے ایم کیوایم نے 19پیپلزپارٹی نے 6نشستیں لیں ۔

کنٹونمنٹ بورڈزکے بلدیاتی انتخابات میں خیبرپختونخواہ کی 32نشستوں پرمقابلہ ہواجس میں 13نشستوں پرآزادامیدواروں نے کامیابی حاصل کی پاکستان تحریک انصاف 11،جماعت اسلامی 3،مسلم لیگ ن اوراے این پی دو،دوجبکہ پیپلزپارٹی ایک نشست حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔کنٹونمنٹ بورڈزکے بلدیاتی انتخابات میں 8آزادامیدوارکامیاب ،ن لیگ کوایک نشست ملی ،بلوچستان کے 3کنٹونمنٹ بورڈکی 9وارڈوں میں سے 8آزادامیدوارکامیاب ہوئے اورکوئٹہ کی ایک نشست پرن لیگ کے امیدوارنے میدان مارلیا۔

ادھرکنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی انتخابات میں والٹن کی وارڈ نمبر 9میں ووٹوں کی گنتی کے دوران مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں مسلح تصادم کے نتیجے میں 9کارکن زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے جنرل ہسپتال داخل کرا دیا گیا ،پولیس کے مطابق فائرنگ میں ملوث چار افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے ،وزیر اعلیٰ پنجاب اور چیف الیکشن کمشنر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کر لی ، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان کو مینڈیٹ کا احترام کرنا سیکھنا چاہیے ، ” وہ “ کہتے تھے بدلہ لیں گے لیکن ہم بدلہ نہیں لیں گے ،کامیابی پر جشن نہیں منائیں گے بلکہ اللہ کے حضور سر جھکائیں گے۔

گزشتہ روز کنٹونمنٹ کے تمام بورڈز میں سارا دن پولنگ کا عمل پر امن طریقے سے جاری رہا ۔ شام کے وقت ووٹوں کی گنتی کے دوران والٹن کی وارڈ نمبر 9چونگی امر سدھو میں مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں نعرے بازی کے بعد مسلح تصادم ہو گیا جسکے نتیجے میں 9کارکن زخمی ہو گئے ۔اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اور ریسکیو 1122کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے زخمیوں کو جنرل ہسپتال منتقل کیا ۔

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق‘ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق‘ پارلیمانی سیکرٹری صحت خواجہ عمران نذیر ‘ سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) امین وینس ‘ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف اور دیگر بھی جنرل ہسپتال پہنچ گئے ۔ ڈاکٹروں کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم انہیں ایمر جنسی میں رکھ کر طبی امداد دی جارہی ہے ۔

ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق فائرنگ کے واقعہ میں ملوث چار افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بھی فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ چیف الیکشن کمشنر نے بھی لاہور اور راولپنڈی میں فائرنگ کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اب عمران خان کو جھوٹ کی فیکٹری کو بند کردینا چاہیے ، انکے الزام کی دھول اب بیٹھ چکی ہے ۔ این اے 125میں دھاندلی کے جھوٹ کو بلدیاتی انتخاب کے نتائج نے جھٹلا دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو مینڈیٹ کا احترام کرنا سیکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ میں ملوث ملزمان کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔