7.9 شدت کے زلزلے نے قیامت ڈھا دی،نیپال میں سب سے زیادہ تباہی،12سو سے زائد افراد ہلاک ، بھارت میں 34، تبت میں13 اور بنگلہ دیش میں بھی دو افراد ہلاک ہوگئے ،کھٹمنڈو میں زلزلہ سے 3 دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے،عمارتیں زمین بوس سینکڑوں افراد دب گئے،ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ،ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ،ملکی و غیر ملکی پروازوں کو منسوخ ،عالمی اداروں نے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں،پاکستان سمیت عالمی برادری کا نیپال و بھارت میں زلزلے تباہی پر دکھ و افسوس کا اظہار ، وزیراعظم نواز شریف کا نیپالی ہم منصب کو فون، زلزلے سے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

اتوار 26 اپریل 2015 04:24

اسلام آباد،کھٹمنڈو،نئی دہلی،ڈھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26 اپریل۔2015ء)نیپال میں آنے والے 7.9 شدت کے زلزلے نے چار ممالک میں قیامت ڈھا دی ہے ، نیپال میں ہلاکتوں کی تعداد 12سو سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ صدیوں پرانی عمارات عمارات ملبے کا ڈھیر بن کر رہ گئی ہیں۔ بھارت میں 34، تبت میں13 اور بنگلہ دیش میں دو افراد ہلاک ہوئے جبکہ دو چینی شہری بھی نیپال چین سرحد پر اس قدرتی آفت کا شکار ہوگئے۔

زلزلے کے جھٹکے پاکستان میں بھی محسوس کیے گئے تاہم یہاں کسی قسم کا جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز پاکستان ، بھارت ،بنگلہ دیش اور نیپال کے مختلف علاقوں سمیت پورے ہمالیہ ریجن میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے،۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکزنیپال کے مشرقی شہر لامجنگ سے 35 کلو میٹر اور زمین سے گہرائی12 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی ۔

(جاری ہے)

نیپال میں ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت7.9ریکارڈ کیا گیا۔کئی گھنٹوں تک آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری رہا ۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق نیپال وزارت داخلہ نے بتایا کہ زلزلے نے نیپال میں تباہی مچاد ی ہے جس کے نتیجے میں12سو سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں اور سینکڑوں افراد زخمی ہوگئے ہیں جنہیں امدادی اداروں نے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا ہے، نیپالی وزارت داخلہ نے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا۔

کھٹمنڈو میں3 دیہات مکمل طور پرصفحہ ہستی سے مٹ گئے ہیں جبکہ ٹھمنڈو میں تاریخی 9منزلہ ٹاور دراہرا سمیت درجنوں عمارتیں زمین بوس ہو گئیں ۔نیپال میں ائیرپورٹس کو بند اور غیر ملکی پروازوں کو منسوخ کر دیا گیا ، ملک بھر کے ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی ہے ۔نیپالی وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق حکومت نے ہنگامی طور پر امدادی کارروائیوں کیلئے 5سوملین ڈالر کے فنڈز جاری کردئیے ہیں ۔

ہفتہ کے روز 11بج کر 10 منٹ پر آنے والے زلزلہ نے نیپال ،پاکستان سمیت پورے ہمالیہ ریجن کو ہلا کر رکھ دیا ہے ۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں جس میں عالمی امدادی گروپ بھی شامل ہیں جنہو ں نے ا پنی ریسکیو و امدادی ٹیمیں بھجوا دی ہیں ۔زلزلے کے بعد لوگ شدید خوف کے مارے گھروں سے باہر آ گئے اور کھلے میدانوں کی طرف رخ کیا جبکہ سرکاری دفاتر اور سکولوں کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ،لوگ موبائل فون کے ذریعے اپنے پیاروں سے رابطہ کرتے رہے،زلزلے کے بعد نیپال میں کئی گھنٹوں تک آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری رہا جس سے لوگوں میں شدید خوف میں مبتلا رہے۔

دوسری جانب پڑوسی ممالک پاکستان اور بھارت میں ان زلزلوں کے جھٹکے محسوس کئے گئے ،صوبائی دارالحکومت پشاور اور لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ،زلزلہ کے بعد لوگوں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا اور لوگ اپنے مکانوں اور پلازوں سے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے باہر نکل آئے تاہم پاکستان میں زلزلے سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

محکمہ موسمیا ت کے مطابق 34 منٹ بعد آفٹر شاکس کی شدت 6.5 ریکارڈ کی گئی ۔ ۔ نئی دہلی،کلکتہ،لکھنو، رانچی ،جے پور ،پٹنہ اور اتر پردیش ، گوہاٹی اور مغربی بنگال کے علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔زلزلے کے بعد بھارت نے نیپال کیلئے پروازوں کو منسوخ کر دیا جبکہ میٹروٹرین سروس کو بھی مکمل طور پر بند کر دیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت7.7 تھی اور زلزلے کا مرکز نیپال تھا اور گہرائی 12 میٹر تھی ۔

بھا رت میں 34 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ملی ہیں ۔ ادھر بنگلہ دیش میں بھی نیپال میں آنے والے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے اور متعدد عمارتیں گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں ،بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ایک فائیو سٹار ہوٹل میں پاکستانی اور بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیموں کے کھلاڑی کمروں میں موجود تھے جو زلزلوں کے باعث اپنے کمروں سے باہر نکل آئے ،پاکستانی کھلاڑی کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔

ادھر چینی سرکاری میڈیا کے مطابق تربت میں ایک 83سالہ خاتون سمیت 13افراد ہلاک ہو گئے ہیں ،۔دوسری جانب پاکستان سمیت عالمی برادری کی جانب سے نیپال و بھارت میں زلزلے سے ہونیوالی جانی و مالی تباہی پر دکھ و افسوس کا اظہار کیا گیا ہے ۔اور نیپالی وزیر اعظم کو ٹیلی فون کرکے اظہار ہمدردی و امداد کی پیشکشیں کی گئی ہیں ۔ پاکستان نے نیپال اور بھارت میں زلزلے سے ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اظہار یکجہتی کے لئے دونوں ممالک کو متاثرہ علاقوں میں امداد کی پیش کش کر دی ہے ۔

ہفتہ کے روز دفتر خارجہ سے جاری بیان میں ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ پاکستان زلزلے سے ہونے والی ہلاکتوں پر دکھ کا اظہار کرتا ہے اور سوگواران اور دونوں ممالک کی حکومتوں کے دکھ میں برابر کا شریک ہے ۔ انہوں نے دونوں ممالک میں موجود سفارتخانوں اور دونوں ممالک کی حکومتوں سے رابطے کی ہدایت کر دی ہے اور کہا ہے کہ دونوں ممالک میں قائم سفارتخانہ حکومتوں سے رابطہ کر کے مطلوب امداد کی پیش کش کریں پاکستان این ڈی ایم اے کے مختصر نوٹس پر فوری امداد کے لئے تیار ہے ۔

وزیراعظم محمد نواز شریف نے نیپال کے وزیراعظم سوشیل کوئرالہ کو ٹیلی فون کرکے زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے ہفتہ کے روز نیپالی ہم منصب سوشیل کوئرالہ کو فون کیا وزیراعظم نے نیپال میں ہونے والے زلزلے میں جانی اورمالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی قوم اور حکومت نیپال کے ساتھ ہیں ۔