سبی، چاکر روڈ پر بم دھماکے میں5افرادجاں بحق ،20سے زائد زخمی ، سیکورٹی ہائی الرٹ،کئی مشتبہ افراد گرفتار ،2کلو گرام وزنی بم موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا ،زخمی قریبی ہسپتالوں میں منتقل ،کئی کی حالت تشویشناک ،ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ،صدر، وزیراعظم، وزیرداخلہ،عمران خان، آصف علی زرداری، سراج الحق،وزیراعلیٰ بلوچستان و دیگر رہنماوٴں کی دھماکے کی شدید مذمت،وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی، زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت

پیر 27 اپریل 2015 08:12

سبی/اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27 اپریل۔2015ء)سبی چاکر روڈ پر سائیکل میں نصب بم زوردار دھماکہ سے پھٹ گیاجس کے نتیجے میں5 افرادموقع پر جاں بحق اور20 سے زائد زخمی ہوگئے ، واقعے کے بعد شہر کی سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ،سیکورٹی فورسز نے کئی مشتبہ افراد کوگرفتارکرلیاگیا ،صدر، وزیراعظم، وزیرداخلہ،عمران خان، آصف علی زرداری، سراج الحق،وزیراعلیٰ بلوچستان و دیگر رہنما وٴں نے دھماکے کی شدید مذمت کی ،وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی، زخمیوں کو بہترین طبی امداد دفراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کو ضلع سبی کے علاقہ سبزی مارکیٹ کے قریب موچی کے دوکان پر نامعلوم افراد کی جانب سے رکھا ہوا سائیکل پر نصب بم زور دار دھماکہ سے پھٹ گیا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی جس کے باعث علاقہ میں خوف وہراس پید ا ہوگیا بم دھماکہ سے ولی محمد علی نواز سمیت 5افراد ہلاک جبکہ موسیٰ خان ، علی محمد، سہراب خان ،سخی دوست ،لعل محمد،مہر چند، رسول محمد، جھنڈا خان ، خان محمد، شیر محمد، علی نواز ، لعل گل، محمد ہاشم سمیت 20 سے زائد زخمی ہوگئے جن میں سے3 افراد کی حالت نازک بنائی جاتی ہے بم دھماکہ کی ااطلاع ملتے ہی ونگ کمانڈر سبی لیفٹیننٹ کرنل وقاص ملک، ڈی آئی جی سبی افتخارالحق، ڈی پی اور سبی محمد انور کھیتران چےئرمین میونسپل کمیٹی حاجی مولانا داوٴد رند،فقیر محمد رند ، محمدبابر جاوید وکونسلرز وپولیس لیویز وایف سی کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے ایمبونسز کے زریعے زخمیوں کو سول ہسپتال سبی و سی ایم ایچ لے جایا گیا جہاں پر طبی امداد کے بعد شدید زخمیوں کو کوئٹہ بھیج دیا گیا ۔

(جاری ہے)

بم دھماکہ کے بعد چاکر روڈ کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا ۔ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کے دوران کئی مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ۔ واضح رہے کہ زخمیوں میں سیکیورٹی فورسز کے اہلکار بھی بتائے جاتے ہے پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے میں ڈیڑھ سے دو کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ دھماکے کے بعد سبی شہر کی سیکیورٹی سخت کردی گئی ۔

صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان،تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زر داری، امیر جماعت اسلامی و سینیٹر سراج الحق، وزیر اعلیٰ بلوچستان و دیگر اعلی حکام نے دھماکے کی شدید مذمت کی جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی اور زخمیوں کو بہترین طبی امداد دینے کی ہدایت بھی کی۔