عمران خان کے پاس جوڈیشل کمیشن کے سامنے پیش کرنے کیلئے دھاندلی کے ثبوت ناکافی ہیں ، جوڈیشل کمیشن بہت اہم ہے، عمران خان بچوں والی باتیں نہ کریں،عمران خان اور شاہ محمود قریشی نوجوانوں کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں، جسٹس (ر) وجیہہ الدین کو الیکشن ٹریبونل سے ہٹا کر عمران خان نے بڑی غلطی کی ہے جس کا خمیازہ انہیں بھگتنا پڑے گا،عمران خان خود کو ہر چیز سے بالاتر سمجھتے ہیں، جمہوریت اور آئین کو بچانے کیلئے میں نے اپنی نشست کی قربانی دی، سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی کی پولیس افسر کے بھائی کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو

پیر 27 اپریل 2015 08:16

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27 اپریل۔2015ء ) تحریک انصاف کے سابق صدر اور سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہاہے کہ عمران خان، شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین نوجوانوں کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں، عمران خان کے پاس جوڈیشل کمیشن کے سامنے پیش کرنے کیلئے دھاندلی کے ثبوت ناکافی ہیں ، جوڈیشل کمیشن بہت اہم ہے، عمران خان بچوں والی باتیں نہ کریں۔

اتوار کو ملتان میں ایک پولیس افسر کے بھائی کے انتقال پر تعزیت کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہاکہ جوڈیشل کمیشن کا قیام عمران خان کے مطالبے کے بعد ہی عمل میں آیا، عمران خان بچکانہ باتیں نہ کریں انکے پاس دھاندلی کے ناکافی ثبوت ہیں لیکن جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ سب کو ماننا پڑے گا۔ عمران خان کہتے تھے کہ ان کے پاس دھاندلی کے اتنے ثبوت ہیں کہ وہ اونٹ پر لاد کر کمیشن کے سامنے جائیں گے۔

(جاری ہے)

جاوید ہاشمی نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان، نائب صدر شاہ محمود قریشی اور جنرل سیکرٹری جہانگیر ترین نوجوانوں کے مستقبل سے کھیل ر ہے ہیں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ نیوٹرل ایمپائر تلاش کرنے والے عمران خان نے اس شخص کو اپنے پارٹی ٹربیونل سے ہٹا دیا جو پوری دنیا میں احترام کی نظر سے دیکھے جاتے ہیں، عمران خان نے جسٹس (ر) وجیہہ الدین کو تحریک انصاف کے الیکشن ٹریبونل سے ہٹا کربڑی غلطی کی ہے جس کا خمیازہ انہیں بھگتنا پڑے گا۔

یہ عمران خان کی زندگی کا غلط فیصلہ ہے، عمران خان خود کو ہر چیز سے بالاتر سمجھتے ہیں، جسٹس ریٹارئرڈ وجیہ الدین کی ساری زندگی آئین اور قانون کی بالادستی کے لئے گزری ہے جو قوم کا سرمایہ ہے۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ انہوں نے جمہوریت اور آئین کو بچانے کے لیے اپنی نشست کی قربانی دی۔