پشاور، خیبرپختونخوا میں طوفانی بارش، ہلاکتیں 45 ہوگئیں، وزیراعظم کا خیبرپختونخواہ میں متاثرین طوفان و بارش کے لئے امداد کا اعلان ، تحریک انصاف کے چیئرمین کا وزیر صحت کے پی کے سے ٹیلیفونک رابطہ ، صوبے کے حالات پر بریفنگ، متاثرین کو کسی قسم کی مشکلات پیش نہیں آنی چاہئیں اور ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں،عمران کی صوبائی وزیر کو ہدایت

منگل 28 اپریل 2015 08:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28 اپریل۔2015ء) خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں، ژالہ باری اور طوفان کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے اور دیگر حادثات میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 45 ہو گئی ہے جبکہ 200 کے قریب افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ شدید بارشوں کے باعث امدادی سرگرمیوں میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

بارشوں کا سلسلہ آج بھی جاری ہے اور مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سمیت ژالہ باری بھی ہورہی ہے۔ سب سے زیادہ تباہی چارسدہ روڈ، بدھو ثمر باغ، بڈھنی پل، پخہ غلام، واحد گڑھی، لیاقت آباد اور گردو نواح میں ہوئی جہاں بجلی کے کھمبے اور ٹرانسفارمر گرگئے جب کہ کئی درخت جڑوں سے اْکھڑ گئے۔ شدید بارش کے باعث متعدد کچے مکانوں کی دیواریں اور چھتیں منہدم ہوگئیں جب کہ بجلی اور مواصلات کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔

(جاری ہے)

لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں 200 سے زیادہ زخمی لائے گئے، جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔ ہلاک ہونے والے 29 افراد کی لاشیں لیڈی ریڈنگ اسپتال، 10 کی چارسدہ اور 5 کی نوشہرہ ڈی ایچ کیو میں منتقل کی گئیں۔مقامی حکومت کے ایک سینئر افسر ریاض خان محسود اور سینئر پولیس افسر ڈاکٹر نیاز سعید نے ہلاکتوں کی تصدیق کی۔زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس اور خیبرٹیچنگ اسپتال منتقل کرنے کے بعد شہر بھر کے اسپتالوں میں ایمرجسنی نافذ کردی گئی۔

ادھر وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے خیبرپختونخواہ میں متاثرین طوفان و بارش کے لئے امداد کا اعلان کر دیا جبکہ جاں بحق افراد کے لئے 5 لاکھ اور زخمیوں کے لئے 50 ہزار روپے فی کس امداد کا اعلان کیا ہے ترجمان وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق خیبرپختونخواہ میں شدید طوفان اور بارش سے صوبہ بھر میں 145 افراد جاں بحق جبکہ 200 سے زائد افراد زخمی ہو گئے تھے جس کے بعد وزیراعظم میاں نواز شریف نے خیبرپختونخواہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لئے 5‘ 5 لاکھ اور زخمیوں کے لئے 50 ‘50ہزار روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لئے خصوصی دعا کی اور صوبائی حکومت کو ہدایت کی کہ بارش اور طوفان سے زخمی ہونے والوں کو بہترین طبعی سہولیات دی جائیں۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا وزیر صحت شہرام ترکئی سے ٹیلفونک رابطہ ، شہرام نے عمران خان کو صوبے کے حالات پر بریفنگ دی جبکہ عمران خان نے بھی صوبائی وزیر کو ہدایت کی کہ متاثرین کو کسی قسم کی مشکلات پیش نہیں آنی چاہئیں اور ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔

پیر کے روز تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے خیبرپختونخواہ کے وزیر صحت شہرام ترکئی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں شہرام ترکئی نے عمران خان کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرین کو ریسکیو کرنے کیلئے 10 ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو کہ ریلیف بھی متاثرین کو فراہم کرینگی جبکہ متاثرین میں غذائی اشیاء کی فراہمی کی تقسیم بھی شروع کر دی گئی ہے اس موقع پر عمران خان نے شہرام ترکئی کو ہدایت کی کہ متاثرین کو مشکلات کا ہر گز سامنا نہ ہو اور انہیں فوری ہنگامی بنیادوں پر ریلیف فراہم کی جائے اور متاثرین کی جانب سے صوبائی حکومت کی جانب سے کئے گئے انتظامات پر کوئی سکایت نہیں ملنی چاہئے۔