الیکشن کمیشن کاخیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد تک تمام ترقیاتی سرگرمیاں و فنڈر کی تقسیم روکنے کا حکم ،سراج الحق سمیت پی ٹی آئی کے وزرا ء ا ور صوبائی سیکرٹریز کو سیاسی سرگرمیوں سے دور رہنے کی ہدایت

منگل 26 مئی 2015 07:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26 مئی۔2015ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد تک تمام ترقیاتی سرگرمیاں نئے منصوبوں کے اعلانات اور ٹرانسفر پوسٹنگ و زکواة فنڈکی تقسیم بند رکھنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں ،جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق سمیت پی ٹی آئی کے وزرا اور صوبائی سیکرٹریوں کو سیاسی سرگرمیوں سے دور رہنے کی ہدایت کر دی ہے سوموار کے روز الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے موقع پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو دئیے جانے والے نوٹس کے جواب میں سراج الحق کے وکیل الیکشن کمیشن اسلام آباد میں پیش ہوئے اور بتایاکہ جماعت اسلامی الیکشن کمیشن کو آزاد اور خودمختار بنانے کی بھرپور حمایت کرتی ہے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا سوچ بھی نہیں سکتی ہے انہوں نے امیر جماعت اسلامی کی جانب سے الیکشن کمیشن میں تحریری معافی نامہ جمع کرایاخیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر مشتاق غنی نے الیکشن کمیشن کو بتایاکہ میں نے کسی بھی جلسے یا انتخابی تقریب میں شرکت نہیں کی ہے تاہم میرے گھر اور حجرے میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں دوستوں سے بات چیت ہوتی ہے اس موقع پر مشتاق غنی کے مخالف وکیل ان کے کسی بھی الیکشن مہم میں موجود ہونے کے ثبوت پیش نہ کرسکے خیبر پختونخوا کے وزیر عشر زکواة حبیب اللہ نے الیکشن کمیشن کو بتایاکہ زکواة کے سلسلے میں اشتہارات الیکشن سے قبل کے ہیں اور جون سے پہلے پہلے موجود فنڈز کو مستحقین میں تقسیم کرنے کیلئے اقدامات کئے گئے تھے جس پر الیکشن کمیشن نے انہیں ہدایت کی کہ 30مئی تک مستحقین میں زکواة کی تقسیم سمیت ہر قسم کی سرگرمیوں سے دور رہیں الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا حکومت کے صوبائی سیکرٹریوں کو بھی ہدایت کی کہ وہ 30مئی تک تمام جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام بندکر دیں اور کسی قسم کی ٹرانسفر یا پوسٹنگ نہ کی جائے الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ممبر صوبائی اسمبلی راجہ فیصل زمان سمیت بلدیاتی امیدواروں کو بھی آج الیکشن کمیشن میں حاضر ہونے کے نوٹسز جاری کر دئیے ہیں۔