سانحہ صفورا کے ملزمان سے متعلق مزید اہم انکشافات سامنے آگئے، ملزمان نے 8ماہ قبل فلیٹ زاہد نامی شخص کے نام پر کرایے پر لیا، اسماعیلی برادری کی بس پر حملے کیلئے 12 مئی کا دن چنا گیا، 5 روزبس روٹ کی ریکی گئی، 12 مئی کو گروپ کے کچھ ارکان کی تاخیرکے باعث پلان موٴخر کردیاگیا، ملزم سعد عزیز نے ویڈیو بنانے کی کوشش بھی کی لیکن فائرنگ کے دوران کیمرہ گرنے کے باعث ویڈیو نہ بن سکی

بدھ 27 مئی 2015 06:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27 مئی۔2015ء) سانحہ صفورا کے ملزمان سے متعلق مزید اہم انکشافات سامنے آگئے۔ 8 ملزموں کی گرفتاری کے بعد تحقیقات میں بڑی پیشرفت دیکھنے میں آئی۔ تفتیشی حکام کے مطابق ملزمان نے ڈائمنڈ ٹیرس میں 8ماہ قبل فلیٹ کرایے پر لیا۔ فلیٹ نمبر اے 202زاہد نامی شخص کے نام پرلیا گیا اور اسماعیلی برادری کی بس پر حملے کیلئے 12 مئی کا دن چنا گیا۔

(جاری ہے)

حملے سے پہلے 5 روز تک بس کے آنے اور جانے والے روٹ کی ریکی گئی، لیکن 12 مئی کو گروپ کے کچھ ارکان کی تاخیرکے باعث پلان موٴخر کردیاگیا۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے 13 مئی کی صبح معمار موڑ کے قریب ہوٹل پرمیٹنگ کی جس کے بعد ملزمان پہلے کوئٹہ ٹاوٴن اور پھرحملے کے مقام پر پہنچے۔واردات کے دوران ملزم سعد عزیز نے کیمرے سے ویڈیو بنانے کی کوشش بھی کی لیکن فائرنگ کے دوران ہاتھ سے کیمرہ گرنے کے باعث ویڈیو نہ بن سکی۔واردات کے بعد ملزمان گوالیار سوسائٹی کی جانب فرار ہوگئے۔قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے نئے انکشافات کی روشنی میں تفتیش تیزکردی ہے اور مزید پیشرفت کیلئے پرامید ہیں۔

متعلقہ عنوان :